Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستانی ہونے پر فخر ہے، دہری شہریت نہیں، مانی

 
لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین احسان مانی نے دہری شہریت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پاکستانی پاسپورٹ رکھتے ہیں اور ان کی دہری شہریت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ دہری شہریت کی خبروں سے انہیں بدنام کیا جا رہا ہے تاکہ کرکٹ بورڑ میں ان کی تقرری کو متنازعہ بنایا جا سکے۔سابق آئی سی سی صدر کا کہنا تھا کہ انہیں پاکستانی ہونے پر فخر ہے، انہیں زندگی میں کئی موقع ملے لیکن نہ شہریت بدلی اور نہ ہی کوئی ارادہ ہے۔میرا اور وزیر اعظم کا وژن ایک ہے، عمران خان سے مل کر مزید رہنمائی لوں گا اور دو ہفتے میں پی سی بی میں الیکشن کے بعد چارج سنبھال لوں گا۔ دوسری جانب احسان مانی کے انتخاب تک پی سی بی کے الیکشن کمشنر جسٹس (ر) افضل حیدر قائم مقام چیئرمین بن گئے ہیں اور پی سی بی کی ویب سائٹ سے نجم عزیز سیٹھی کا نام تبدیل اور تصویر ہٹا دی گئی ہے۔ انہوں نے پی سی بی کے مستقل چیئرمین کے انتخاب کے شیڈول کے اعلان کےلئے 24 اگست کو گورننگ باڈی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔ جس میں پی سی بی کے قائمقام چیئر مین افضل حیدر مستقل چیئرمین کے انتخاب کےلئے تاریخ کا اعلان کریں گے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کو گورننگ باڈی احسان مانی کو پی سی بی کا بلا مقابلہ چیئرمین منتخب کرنے کی کوشش کرے گی۔ مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے احسان مانی کو پی سی بی گورننگ بورڈ میں حکومتی رکن نامزد کر دیا ہے۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ پی سی بی کا مستقل چیئرمین منتخب ہونے کے بعد پی سی بی میں وسیع پیمانوں پر ردوبدل کا امکان ہے۔ 
 

شیئر: