حجاج کرام آج تینوں شیطانوں کو کنکریاں مار کر منیٰ سے رخصت ہونگے
منیٰ.... حجاج کرام نے دوسرے دن بھی مکمل اطمینان اور سکون سے رمی کی ۔ آج تیسرے روز بھی تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارکر غروب آفتاب سے قبل منیٰ سے رخصت ہو جائیں گے ۔ تفصیلات کے مطابق حج 2018 کامیابی سے اختتام کی جانب پہنچ گیا ۔ حج انتظامات بہترین رہے کسی قسم کی مشکلات درپیش نہیں آئی ۔ حجاج کرام نے سکون سے دوسرے دن بھی شیطانوں کوکنکریاں ماری اور بڑی تعداد میں طواف افاضہ او ر حج کی سعی کے لئے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے ۔آج آیا م تشریق کے تیسرے دن حجاج کرام تینوں شیطانوں کو کنکریاں مارکر غروب آفتاب سے قبل روانہ ہو جائیں گے ۔ غروب آفتاب کے بعد منیٰ میں قیام کرنے والے چوتھے دن کی رمی کے بعد منیٰ کو الوداع کہیں گے ۔ دوسرے دن کی رمی میں حجاج کرام نے سنت کے مطابق چھوٹے اور بڑے شیطان کو 7،7 کنکریاں ماریں اور آج تینوں شیطانوںکو کنکریاں ماریں گے ۔ انتظامیہ کی جانب سے جمرات پربہترین انتظامات کئے گئے تھے جس کے سبب غیر معمولی حالات رونما نہیں ہوئے اور تمام معاملات بہترین انداز میں مکمل ہو گئے ۔ سیکیورٹی اہلکار وں نے ازدحام کو کنٹرول کرنے کےلئے راستوں کا تعین کیا تھا۔ جمرات آنے کےلئے علیحدہ راستہ تھا اور رمی کرنے کے بعد واپسی کےلئے راستہ الگ تھا جس سے جمرات پر بھگدڑ نہیں ہوئی اور تمام معاملات بہترین انداز میں مکمل ہوئے ۔ حجاج کرام ایک راستے سے آتے اور دوسرے شیطانوں کوکنکریاں مارکر دوسرے راستے سے واپس لوٹ جاتے تھے ۔ جمرات پل کی کئی منزلہ تعمیر سے حجاج کو کافی سہولت ہوئی جبکہ جدا راستوں کے سبب آمد ورفت کے معاملات بھی بہترین انداز میں مکمل ہوئے ۔ سیکیورٹی اہلکارجمرات پل پر مختلف مقامات پر موجود تھے جو آنے والے حجاج کی رہنمائی کرتے رہے ۔سیکیورٹی اہلکار جمرات کے قریب معمر افراد کو رمی کرنے میں معاونت کرتے رہے ۔جبکہ اہلکاروں نے گرمی سے پریشان حجاج کرام پر پانی کی پھوار بھی چھڑکتے رہے جس سے حجاج کرام نے کافی سکون محسوس کیا ۔ حجاج کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے تعاون مثالی رہا انہوں نے بہترین اندازمیں کام کیا ۔ اہلکار معمر حجاج کرام کے ساتھ ساتھ بچوں کے لئے بھی آسانیاں پیدا کرتے رہے جس سے جمرات پر ماحول کافی خوشگوار ہو گیا ۔حجاج کا کہنا تھا کہ منی میں انتظامات مثالی تھے خاص کر سیکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے مثالی تعاون رہا جس کے سبب بہترین اندازمیں مناسک حج ادا کئے ۔