کوالالمپور۔۔۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد نے کہا ہے کہ امریکا جوہری معاہدے سے نکل کر دنیا میں تنہائی کا شکار ہوگیا ہے۔گزشتہ روز ایک ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم ایران کیساتھ ہونے والے جوہری معاہدے کو ایک عالمی معاہدہ سمجھتے ہیں۔امریکا نے اس معاہدے سے نکل کر بہت بڑی غلطی کی ہے جس کی وجہ سے وہ آج دنیا میں تنہائی کا شکار ہے۔ یورپی یونین اس عالمی معاہدے کو برقرار رکھنے کی خواہاں ہے۔مہاتیر محمد نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ جیسے شخص کیساتھ کام کرنا بہت مشکل ہے اور نہیں لگتا کہ وہ آئندہ امریکی انتخابات میں پھر سے صدر منتخب ہوں گے۔