Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض: تاوان کےلئے ہم وطنوں کو اغوا کرنےوالابنگالی گروہ گرفتار، 16 وارداتوں کا اعتراف

مغویوں کو غیر آباد مقام پر قید کر کے انکے اہلخانہ سے تاوان طلب کیاجاتا تھا ، ملزمان کے قبضے سے35ہزار ریال اور مسروقہ کار برآمد ہوئی، پولیس ترجمان 
جدہ ( ارسلان ہاشمی ) ریاض ریجن کے پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ تاوان کی خاطر ہم وطنوں کو یرغمال بنانے والے 4 رکنی بنگالی گروہ کو گرفتار کر لیا ۔ ملزمان کے قبضے سے 35 ہزار313 ریال اور مختلف ممالک کی کرنسی اور مسروقہ کار بھی برآمد ہوئی ۔ ریاض پولیس کے ترجمان کی جانب سے جاری بیا ن میں مزید کہا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کی عمر30 سے 50 برس کے درمیان ہیں ۔ ملزمان اپنے ہی ہم وطنوں کو یرغمال بنا کر انہیں غیر آباد مقامات پر قید کردیا کرتے تھے بعدازاں انہیں مجبور کرتے کہ وہ بنگلہ دیش میں اپنے گھروالوں سے رابطہ کر کے رقم منگوائیں ۔ ملزمان نے اغوا برائے تاوان کی 16 وارداتوں کا اعتراف کر لیا ۔ گروہ کے خلاف ابتدائی تحقیقات کے بعد انہیں پراسیکیوشن جنرل کے ادارے کے سپرد کر دیا گیا جہاں تحقیقات مکمل کرنے کے بعد انکا چالان عدالت میں پیش کیاجائیگا۔ پولیس ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ مملکت میں امن وامان برقرار رکھنے کےلئے ہر طرح سے کوشاں ہے تاکہ مقامی اور مقیم غیر ملکی پر امن فضا میں بہتر طور پر زندگی گزارسکیں ۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے کے پیش نظر معاشرے کی فلاح و بہبود ہے جس کےلئے امن و امان کو تہہ وبالان کرنے والوں کو کسی صورت برداشت نہیں کیاجائے گا۔ 

شیئر: