پلاسٹک کچرے سے سڑکیں تعمیر کرنے کا منصوبہ
نئی دہلی۔۔۔۔وزارت ٹرانسپورٹ وشاہراہ نے پلاسٹک کچرے کا استعمال سڑکوں کی تعمیر میں لازمی قراردینے کامنصوبہ بنایا ہے۔ اس منصوبے سے مرکزی وزارت شہری و دیہی ترقیات نے بھی اتفاق کیا ہے۔ امید ہے کہ اس منصوبے پر حتمی فیصلے کے بعد سڑکوں اور شاہراہوں کی تعمیر و مرمت میں تارکول کے ساتھ 10فیصد پلاسٹک کچرا استعمال کیا جاسکے گا۔مرکزی وزیر روڈ و ٹرانسپورٹ نتن گڈ کری نے کہا کہ شاہراہوں کی تعمیر میں پلاسٹک کچرے کے استعمال سے 3فوائد حاصل ہونگے۔اس سے شہر ، قصبے اور گاؤں میں پھیلے پلاسٹک اور پولتھین کے کچروں سے نجات ملے گی اس سے سڑکیں پائدار ہونے کے ساتھ اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔کچرا اکٹھا کرنیوالوں کے ذرائع آمدنی میں اضافہ ہوگااس سے شہر اور علاقے کچروں سے پاک ہونگے۔وزارت شاہراہ کے ایک اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ یوں تو نومبر 2015ء میں ہی ہدایت جاری کی گئی تھی کہ ترقیاتی کامو ں میں کچرا استعمال کیا جائے تاہم ابھی تک اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔دہلی میرٹھ ایکسپریس وے میں بھی پلاسٹک کچرے کا استعمال کیا جانا تھا لیکن بعض تکنیکی اور حکومتی رکاوٹوں کی وجہ سے پہلے مرحلے میں اس پرعملدرآمد نہیں کیا گیا ۔اب مرکزی حکومت کی 3وزارتیں اس سمت میں اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں۔