جاپانی تیراک کیلئے ایشین گیمزکی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ
جکارتہ: 6 گولڈ میڈل جیتنے والی جاپانی سوئمر ایکی ریکاکو جکارتہ ایشین گیمز کی کوئن بن گئیں۔ انھیں گیمز کی اہم ترین پلیئر ( ایم وی پی ) ایوارڈ سے نواز دیاگیا۔ گیمز کے اختتام پر ایک تقریب میں بطور خاص انھیں اس حوالے سے ٹرافی دی گئی۔ 18 سالہ تیراک نے حالیہ ایشین گیمز کے سوئمنگ ایونٹ میں 50 میٹر بٹرفلائی، 100 میٹر بٹر فلائی، 50 میٹر فری، 100 میٹر فری ، 4×100 فری اور 4×100 میڈلے میں طلائی تمغے حاصل کئے۔ ان کا اگلا ہدف اب ہوم گراونڈ پر شیڈول 2020 اولمپکس ہوں گے۔اس کے علاوہ آئندہ برس جنوبی کوریا میں ہونے والی ورلڈ چیمپیئن شپ میں بھی ٹائٹل جیتنے کیلئے فیورٹ ہوں گی۔ ایکی کسی ایک کھیل میں سونے کے 6 تمغے پانے والی پہلی خاتون بن گئی ہیں جبکہ انھوں نے مجموعی طور پر 8 میڈلز اپنے نام کرتے ہوئے شمالی کورین شوٹر شو گن مان کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔ شو گن نے یہ کارنامہ 1982 کے ایشین گیمز میں انجام دیا تھا۔