Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نون لیگ کو دیوار سے لگانے کی جو کوشش کی گئی اس کی مثال نہیں ملتی ، فیصل قیوم ملک

چوہدری نثار نے پارٹی کو سب سے زیادہ نقصان پہنچایا،نوازشریف نے یہ ثابت کیاہے کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں، مسلم لیگ کے رہنما کا تقریب سے خطاب
ذ ۔ م ۔۔ ریاض
       پاکستان مسلم لیگ( ن) راولپنڈی کے رہنما فیصل قیوم ملک نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ نقصان چوہدری نثار علی خان نے پہنچایا ہے۔ انکی ہٹ دھرمی اور بے وفائی نے نہ صرف پارٹی پوزیشن کو خراب کیا بلکہ کئی ابہام کو بھی جنم دیا۔ ان خیالات کا اظہار فیصل قیوم ملک نے مسلم لیگ (ن) ریاض ریجن کی جانب سے منعقدہ عشائیے کے دوران کیا جس کا اہتمام سینیئر رہنما سردار شعیب نے کیا تھا ۔عشائیہ میں دیگر عہدیداروں اور پارٹی ورکرز کے علاوہ سیاسی پارٹیوں کے ارکان بھی شریک تھے۔ فیصل قیوم ملک کا مزید کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 35 سال سے مسلم لیگ کی خدمت کر رہے ۔ علاقے کے لوگوں کی خدمت کو ہمیشہ ترجیح دی ۔  شاید یہی وجہ تھی کہ پارٹی قیادت نے   صوبائی الیکشن لڑنے کا موقع دیا جو میرے لئے قابل فخر بات تھی۔ راولپنڈی کا حلقہ پی پی12 چونکہ ایک نیا حلقہ متعارف کروایا گیا تھا اس لئے میرے لئے اس حلقے کے لوگ بھی نئے تھے۔ الیکشن میں دوسرے نمبر پر آنا بھی میں پارٹی اور اپنی جیت سمجھتا ہوں ۔جتنی عزت مجھے لوگوں نے دی اس کی وجہ میاں نوازشریف کا وہ ویژن تھا جو لوگوں کے دلوں میں گھر کر چکا تھا۔ راولپنڈی کے بعض حلقوں میں سابق وزیر داخلہ اور مسلم لیگ ن کے چوہدری نثار کی بغاوت نے پارٹی کو شدید نقصان پہنچایا۔ چوہدری نثار اس خوش فہمی کا شکار ہو چکے تھے کہ وہ پارٹی سے الگ ہو کر مقبولیت کے جھنڈے گاڑ لیں گے مگر الیکشن نے ثابت کیا کہ وہ محض ایک صوبائی اسمبلی کی نشست جیتنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ بھی تھی کہ چوہدری نثار نے جتنے بھی   الیکشن جیتے وہ اس کے بعد اپنے حلقوں میں جانا پسند ہی نہیں کرتے تھے۔فیصل قیوم ملک کا کہنا تھا کہ حالیہ الیکشن میں جس طرح نون لیگ کو دیوار سے لگانے کی کوشش کی گئی اس کی  مثال نہیں ملتی ۔راولپنڈی کے ایک حلقے کے امیداور راجہ قمر الاسلام کو صرف اس لئے گرفتار کر لیا گیا کہ وہ چوہدری نثار کے مدمقابل الیکشن لڑنے جا رہا تھا ۔  ہم نے مشرف دور کی سختیاں بھی دیکھی ہیں اور ہمارے خلاف بھرپور انتقامی مہم جوئی بھی کی جاتی رہی مگر حوصلے   کبھی پہلے پست تھے  نہ  ہونگے۔    نوازشریف نے یہ ثابت کیاہے کہ وہ حق اور سچ کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے گرفتاری دیکر اُن طاقتوں کو پیغام دیا ہے کہ وہ جو مرضی کر لیں نوازشریف اور اس کے ورکرز بھرپور مقابلہ کریں گے اور پاکستان کو حقیقی معنوں میں جمہوری اور فلاحی ملک بناہیں گے۔
     تقریب میں مسلم لیگ ن کے صدر خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کے مبصرین نے الیکشن 2018 کو دھاندلی زدہ قرار دیا ہے۔ پاکستان کی سبھی پارٹیاں الیکشن رزلٹ سے مطمئن نہیں کیونکہ جس طرح من پسند پارٹی کو نوازا گیا اور اسے اوپر لایا گیا ہے اُس سے جمہوری طاقتوں کو کمزور کیا گیا ہے مگر آج کی پی ٹی آئی کی گورنمنٹ جن وعدوں اور دعوئوں کے ساتھ برسراقتدار آئی ہے اس کے برعکس کام کر رہی ہے ۔آج حکومتی وزیر گالی گلوچ کی سیاست کو فروغ دے رہے ہیں اور پروٹوکول کے مزے لوٹ رہے ہیں۔ عمران خان قوم کو محض تقریروں سے مطمئن کر رہے ہیں مگر حقیقت میں وہ بھی ابھی تک اپنی سمت کا تعین نہیں کر پائے۔ تقریب کے میزبان سرادر شعیب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن کا ہر ورکر چاہے ملک میں ہو یا ملک سے باہر، وہ مسلم لیگ ن کے پلیٹ فارم پر متحد ہے بلکہ میاں نوازشریف کے ویژن کے ساتھ کھڑا ہے۔ سیاسی جماعتوں کی زندگی میں ایسے وقت آتے رہتے ہیں مگر جس طرح مسلم لیگ کا ووٹر متحد رہا اس کی کہیں مثال نہیں ملتی۔
تقریب سے پاک سرزمین کے حنیف بابر،  فیصل علوی اورپاکستان پیپلزپارٹی کے قاضی اسحاق میمن نے فیصل قیوم ملک کو ریاض آمد پر خوش آمدید کہا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔مسلم لیگ کے زاہد سندھو،رانا خادم،راجہ یعقوب،محمود ڈوگر،مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر حاجی احسان دانش اورسرپرست اعلیٰ چوہدری عبدالمجید گجر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مسلم لیگ ن اور پارٹی قیادت کیساتھ ہمیشہ کھڑے رہیں گے اور پاکستان کی بہتری اور جمہوریت کی بقا کی جنگ لڑتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں:- - - - -پاکستان انٹرنیشنل اسکول ناصریہ کے شاندار نتائج

 

شیئر: