ایشیا کپ کوالیفائر فائنل : یو اے ای بمقابلہ ہانگ کانگ
کوالالمپور:ایشیا کپ کوالیفائر کرکٹ ٹورنامنٹ کا فائنل آج کھیلا جائےگا ۔ فاتح ٹیم متحدہ عرب امارات میں شیڈول ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں شرکت کرے گی ۔ ملائیشیا میں جاری ایشیا کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں آخری لیگ میچز میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے عمان اور ہانگ کانگ نے نیپال کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ۔ یو اے ای نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 208 رنز بنائے، کپتان روہن مصطفیٰ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے، بدرالشکور 21 اور محمد نوید 12 رنز بنا کر ناٹ آوٹ رہے ۔فیاض بٹ اور ذیشان مقصود نے 2، 2 وکٹیں لیں ۔ جواب میں عمان کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 48ویں اوور میں 195 رنز بنا کر آوٹ ہو گئی، عاقب الیاس 45 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، نسیم نے 27 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے ۔محمد نوید، عامر حیات اور روہن مصطفی نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ یو اے ای نے چوتھی فتح کےساتھ ہی فائنل کیلئے کوالیفائی کیا ۔ دوسرے میچ میں ہانگ کانگ نے نیپال کو 3 وکٹوں سے ہرا کر تیسری کامیابی کے ساتھ ہی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا ۔ نیپال کی ٹیم پہلے کھیلتے ہوئے 37.5 اوورز میں صرف 95 رنز بنا سکی، 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں نہ پہنچ سکے ۔عارف شیخ 18 رنز بنا کر نمایاں رہے، احسن خان نے 4، اعزاز خان اور تنویر افضل نے 2، 2 وکٹیں لیں ۔ جواب میں ہانگ کانگ نے مطلوبہ ہدف 33ویں اوور میں 7 وکٹوں پر حاصل کیا ۔ کپتان انشومان راتھ نے 52 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی، سندیپ لیمی چن نے عمدہ بولنگ کی لیکن وہ ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے، انہوں نے 27 رنز کے عوض 5 وکٹیں لیں۔