الٰہ آباد:ایک ہی خاندان کے 4افراد کا قتل
الٰہ آباد۔۔۔۔الٰہ آباد کے بگھیہ علاقے میں ایک ہی خاندان کے 4افراد کو دھار دار آلے سے قتل کردیا گیا۔ اس واقعہ سے پورے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا ہوگیا۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی اور لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کیلئے روانہ کردیا۔ پولیس نے واقعہ کا سراغ لگانے کیلئے تفتیش شروع کردی۔سنگم نگری الٰہ آباد میں قتل کی وارداتوں کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ جرائم کے واقعات میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ علاقے کے لوگ خوف کے عالم میں زندگی گزار نے پر مجبور ہوگئے ہیں۔جمعرات کو جھونسی تھانہ علاقے میں ایک نوجوان نے بی ٹی سی کی طالبہ کو گولی مار کر قتل کردیا اور بعد میں خود پر فائرنگ کرکے زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ پولیس نے اس واقعہ کو دوستی اور خود کشی کا واقعہ قراردیا۔ 4ستمبر کو شیو کوٹی کے شل خانہ محلے میں پڑوسی نے زمین کے تنازعہ پر ریٹائرڈ داروغہ کو دن دہاڑے لاٹھی ڈنڈوں سے حملہ کرکے موت کے گھاٹ اتار دیا جسے زخمی حالت میں ایس آر این اسپتال میں داخل کرایا گیا جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔اس واقعہ کی وڈیو علاقے میں نصب سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگئی تھی جس کی بنیاد پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے5ملزمان کو گرفتار کیا جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔