جو افراد نیند کی کمی کا شکار ہیں وہ خشخاش کا تیل کنپٹی پر ملیں تو بے خوابی کی شکایت دور ہو جائیگی۔ اس کے علاوہ نیند نہ آنے کی صورت میں سرخ ٹماٹر کاٹ کر اس پر چینی چھڑک کر کھانے سے بھی نیند کی کمی پوری ہو جاتی ہے ۔
پیاز کاٹنے کے بعد ہاتھوں سے آنے والی بو بہت ناگوار لگتی ہے ۔ اس بو کو دور کرنے کے لئے انگلیوں پر نمک اچھی طرح مل کر نیم گرم پانی سے دھو لیں ۔
خواتین اکثر سبز مرچوں کو ہاتھ میں پکڑ کر کاٹ لیتی ہیں جس سے جلن محسوس ہونے لگتی ہے ۔ مرچوں کو لکڑی کے تختے پر رکھ کر اس طرح کاٹیں کہ آپ کے ہاتھ پر لگنے نہ پائیں ۔ اگر کبھی بے دھیانی میں لگ جائیں تو جلن دور کرنے کے لیے کپڑے دھونے والے نیل میں پانی گھول کر اس میں ہاتھ تھوڑی دیر کے لئے ڈبو دیں ۔ پھر تھوڑی سی گڑ کی ڈلی کو پانی میں بھگو بھگو کی انگلیوں پر ملیں تو جلن دور ہو جائے گی ۔
نزلہ دور کرنے کے لئے تھوڑے سے چنے بھٹی میں بھون کر گرم گرم سونگھیں اور پوٹلی میں رکھ کر پیشانی کو سینکیں اور کھائیں ۔ اس سے نزلے کی شدت کم ہوجاتی ہے ۔ اس کے علاوہ لہسن کی چٹنی اور بیسن کی روٹی نزلہ زکام میں کھائیں ۔
مچھلی کی بو دور کرنے کے لیے اس کو بغیر دھوئے نمک لگا کر دو گھنٹے کے لئے رکھ دیں ۔ پھر آٹے سے دھوکر مصالحہ لگائیں تو مچھلی کی بو ختم ہو جائے گی ۔
کریلے لمبائی کے رخ کاٹنے سے ان کی کڑواہٹ بہت کم ہو جاتی ہے ۔ انہیں لمبائی میں کاٹ کر نمک لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں پھر دھولیں ۔ اگر فوری استعمال نہ کرنے ہوں تو نمک لگا کر فریز کرلیں اور دھونے کے بعد اچھی طرح مل کر پکائیں ۔