ایک پائلٹ والے بوئنگ طیارے جلد حقیقت ہونگے
لندن.... مشہور طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ مشہور طیارہ ساز کمپنی ایسے بوئنگ طیاروں کی تیاری کا منصوبہ بنا رہی ہے جس میں صرف ایک پائلٹ ہوگا اور یہ سب کچھ جدید ٹیکنالوجی کے طفیل ممکن ہوگا۔ واضح ہوکہ روایتی طور پر اور عصری فنی تقاضو ںکے مطابق بوئنگ کے ہر طیارے میں 2پائلٹس ہوتے ہیں اور اگر طیارے میں نشستوں کی تعداد 20سے زیادہ ہو تو ہوابازوں کی تعداد میں اضافہ بھی ہوسکتا ہے۔ کمپنی کا کہناہے کہ وہ بغیر پائلٹ کے اڑنے والے طیارے نہیں بنا رہی بلکہ ایسے طیارے پر کام کررہی ہے جسکے کاک پٹ میں صرف ایک پائلٹ رہیگا اور وہی طیارہ اڑائیگا۔ بوئنگ کا کہناہے کہ وہ عرصے سے خودکار ٹیکنالوجی کے طفیل خود کار چیزیں تیار کرنے کی کوشش کرتی رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے میں ایک پائلٹ والے بوئنگ طیارے صرف مال برداری کرینگے جب یہ تجربہ کامیاب ہوجائیگا تو ممکن ہے کہ بعض مزید تجربات کو ملا کر مسافر بردار طیارو ںمیں بھی صرف ایک پائلٹ کی گنجائش رکھی جائے۔