اگر عوام اور تمام رہنما اسی جذبے اور احساس ذمہ داری کومحسوس کریں تو امید ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم دشمنوں سے آنکھیں ملا کر بات کریں اور دشمن ہم سے بات کرتے ہوئے بھی ڈرے گا
زبیر پٹیل ۔ جدہ
گزشتہ دنوں وزیراعظم عمران خان نے قوم کو اعتماد میں لیتے ہوئے ڈیم فنڈ قائم کرنے کا اعلان کیا۔ اس سے قبل ڈیم بنانے کیلئے چیف جسٹس ثاقب نثار نے بھی فنڈ قائم کیا تھا اور اسے بھی خاطر خواہ کامیابی مل رہی تھی ۔ اب وزیراعظم نے نیا فنڈ جاری کرکے سونے پر سہاگہ کیا ہے اور اسکے تئیں اب تک کروڑوں روپے جمع ہوچکے ہیں ۔ اس سلسلے میں بیرون ملک کئی پاکستانیوں نے تو مثالیں بھی قائم کی ہیں۔ ہم انہیں اس سلسلے میں شاباشی دیتے ہیں اور یقین کرتے ہیں کہ قوم کا یہی جذبہ انہیں دشمن سے اب بھی بچائے ہوئے ہے۔ یہ وقت متحد ہوکر ملک میںڈیم بنانے کا ہے کیونکہ جتنی جلدی ڈیم تیار ہوگا اُس کا فائدہ عوام کو ہی ہوگا کیونکہ پڑوسی ممالک سے ہمارے بہتر ہوتے حالات دیکھے نہیں جارہے اور وہ پریشانی کا شکار ہیں اسلئے ڈیم بن جانے میں ہی اب ہمارے مستقبل اور آنے والی نسلوں کی فتح ہے کیونکہ آئندہ جنگ پانی کے حوالے سے ہوگی۔پانی پر جنگ نہ ہواسلئے دنیا بھر میں ڈیمز بنائے جارہے ہیں اور ہمیں اس وقت ایک بڑے ڈیم کی شدید ضرورت ہے۔اس وقت قوم اور اپوزیشن رہنما متحد ہیں اور سب ہی ایک صفحہ پر ہیں۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے۔ یہی خوش قسمتی ہمیں ترقی کی شاہراہ پر لیجاسکتی ہے۔ اگر عوام اور تمام رہنما اسی جذبے اور احساس ذمہ داری کومحسوس کریں تو امید ہے کہ وہ وقت دور نہیں جب ہم دشمنوں سے آنکھیں ملا کر بات کریں اور دشمن ہم سے بات کرتے ہوئے بھی ڈرے گا ۔
اپوزیشن نے الیکشن کے بعدکئی محاذ پر ناکامی کے بعداب چپ سادھ لی ہے۔ وہ پی ٹی آئی کی حکومت کو کام کرنے دے رہی ہے۔ یہ ایک اچھا سلسلہ ہے اور اس سلسلے کو قائم رہنا چاہئے تاکہ دوسروں کیلئے مثال بن سکے ۔ امید ہے کہ اپوزیشن رہنما اور جماعتیں 5سال حکمراں جماعت کو اسی طرح پرسکون انداز میں کام کرنے دیں گے ۔