Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسئلہ ناک کا

جو باتیں وزیراعظم نے تقریر میں کہی ہیں اس کا 50فیصد ہوتا نظر آجائے تواچھا رہیگا ورنہ حالات بہتر بنانے کیلئے آئی ایم ایف کی طرف جانا ضروری ہوجائیگا جو سرے سے گھاٹے کا سودا ہوگا
زبیر پٹیل ۔ جدہ
الیکشن میں کامیابی پراپنے پہلے خطاب میں وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ خواب ابھی پورا نہیں ہوا ایک مرحلہ مکمل ہوا ہے ٹھیک اسی طرح وزیراعظم منتخب ہونے کے بعد پہلے قومی خطاب میںانہوں نے 100روزہ پلان قوم کے سامنے رکھا تو قوم نے انکا بھرپور ساتھ دینے کا وعدہ کیا۔ یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے جب کسی وزیراعظم نے قوم کو اعتماد میں لیا ہے۔ ماضی میں وزرائے اعظم نے قوم سے خطاب میں بہت سی باتیں اور دعوے کئے مگر تقریر کے بعد انہیں یہ یاد تک نہیں رہتا کہ انہوں نے کیا کہا تھا۔ کچھ اسی طرح عوام اب عمران خان کے 100روز پلان پر عملدرآمد کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے کیونکہ انہیں عمران خان نے نئے پاکستان کا خواب دکھایا ہے۔ ویسے تو انتخابات سے قبل کچھ لوگوں نے خواب دیکھا تھا جس میں وہ عمران کی شکست کا دعویٰ کر رہے تھے انہیں چاہئے کہ وہ اب خوابوں کی دنیا سے باہر آجائیں اور حقیقت کا سامنا کریں۔ویسے بھی خوابوں کی دنیا میں زیادہ رہنا اچھا نہیں ہوتا۔حقیقت کا انسان کو ہر وقت سامنا کرنا چاہئے۔
قوم سے خطاب میں وزیراعظم نے ملک میں سرمایہ کاری لانے اور کاروباری حضرات کو پیسہ ملک میں لگانے کی تلقین کی ۔اس سلسلے میں ان سے عرض ہے کہ ماضی میں سرمایہ کاروں کو صرف ”دھوکہ“ ہی دیا گیا ۔ آخر کار سرمایہ کار تنگ آکرکاروبار سمیٹ کر بیرون ملک چلے گئے۔ ایک زمانے میں بڑی بڑی کاروباری شخصیات نے اپناکاروبار پڑوسی ممالک بھی منتقل کردیئے لیکن بعد کے ملکی حالات نے انہیں اپنی جانب راغب کیا تو کاروبار کا کچھ حصہ انہوں نے پاکستان منتقل کیا۔ جو باتیں وزیراعظم نے تقریر میں کہی ہیں اس کا 50فیصد ہوتا نظر آجائے تواچھا رہیگا ورنہ حالات بہتر بنانے کیلئے آئی ایم ایف کی طرف جانا ضروری ہوجائیگا جو سرے سے گھاٹے کا سودا ہوگا۔ اس وقت ضروری ہے کہ وزیر خزانہ اسد عمر اپنے جوہر دکھائیں کیونکہ کاروباری حضرات کو ملک میں سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کے بہت سے طریقے اور راستے ہیں اور وزیر خزانہ اس سے یقینا واقف ہونگے۔دیکھنا یہ ہے کہ وہ ملک میں سرمایہ کاری لانے میں کہاں تک کامیاب رہتے ہیں کیونکہ یہ عمران خان اور ان کی پارٹی کیلئے اب ناک کا مسئلہ بن چکا ہے۔ 
٭٭٭٭٭٭٭٭
 
 

شیئر:

متعلقہ خبریں