ایشیا کپ: میزبان ہند کی ٹیم آخر میں دبئی پہنچے گی
دبئی:ایشیا کرکٹ کپ کیلئے مختلف ٹیموں کی ٹریننگ کا آغاز پیر سے دبئی اسپورٹس سٹی میں قائم آئی سی سی اکیڈمی میں ہوگا۔میزبان ہند کی ٹیم انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کے بعددبئی پہنچے گی۔ ایونٹ میں پہنچنے والی آخری ٹیم ہو گی۔ روہت شرما کی قیادت میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم کو خصوصی پروٹوکول دیا جائے گا۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ ایشیا کپ کا میزبان ہونے کے ناتے اپنی ٹیم کو زیادہ اہمیت دے رہا ہے۔ منتظمین کی جانب سے بتایاگیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم الگ ہوٹل میں قیام کرے گی جبکہ دیگر 5ٹیموں کو ایک ہی ہوٹل میں ٹھہرانے کا فیصلہ کیا گیاہے۔ 2014 ءمیں سری لنکا نے ایشیا کپ جیتا تھا تب آئی لینڈرز کی قیادت انجیلو میتھیوز کے پاس تھی جو اس وقت بھی ٹیم کے قائد اور ایک بار پھر ٹرافی وطن واپس لے جانے کیلئے پراعتماد ہیں۔ انھوں نے کہاکہ ہماری ٹیم نوجوان اور سینئر کھلاڑیوں سے مزین ہے۔ مجھے اس ایونٹ کیلئے بہترین اسکواڈ ملا، ہمارے پاس کسی بھی ٹیم کو ہرانے کی صلاحیت ہے۔ ایونٹ میں کوالیفائر کی جگہ پر ہانگ کانگ نے قبضہ کیا ہے جس نے یو اے ای کو فائنل میں شکست دی تھی۔اس کے کپتان انوشمان راٹھ ایشیائی ایونٹ میں جگہ بنانے اور پاکستان و ہند کے ساتھ گروپ اے میں مقابلے کا موقع پانے پر کافی خوش ہیں۔انھیں اس بات کی بھی خوشی ہے کہ وہ کوالالمپور میں کھیلے گئے ایشین کپ کوالیفائرز کے فائنل میں یو اے ای کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔ہانگ کانگ ایشیا کپ کے اپنے گروپ میں پہلا میچ 16ستمبر کو پاکستان سے کھیلے گا۔ ہندوستانی ٹیم 18ستمبر کو ہانگ کانگ اور19ستمبر کو پاکستان کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ کے کمنٹری پینل میں پاکستان کے 2سابق کپتانوں رمیز راجہ اور عامر سہیل کو شامل کیا ہے دیگر کمنٹیٹرز میں سنیل گواسکر،لکشمن شیوا راما کرشنن،ڈین جونز،کمار سنگا کارا،رسل آرنلڈ،ا ظہر علی خان،کیون پیٹرسن اوربریٹ لی شامل ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے واٹس ایپ اسپورٹس گروپ جوائن کریں