ایشیا کپ میں ہند کی شرکت مشکوک
لاہور:پاکستان اور ہندوستان کے کرکٹ بورڈز میں جاری تنازع کی وجہ سے ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کی شرکت غیر یقینی کا شکار ہے۔ایشین کرکٹ کونسل کے اعلیٰ افسر کا کہنا ہے کہ ٹورنامنٹ ملتوی ہونے کا ابھی فیصلہ نہیں ہوا۔ ایشین کرکٹ کونسل دبئی اور ابوظبی میں 15سے28ستمبر تک ایشیا کپ کرا رہا ہے ۔ ٹیموں کی آمد 13ستمبر سے شروع ہوگی۔ ٹورنامنٹ کی میزبانی ہند کو ملی تھی لیکن پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعتراض پر ایشین کرکٹ کونسل نے ٹورنامنٹ متحدہ عرب امارات منتقل کردیا تھا۔ دنیا کے سب سے امیر بورڈ نے امارات میں زیادہ اخراجات کا بہانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ اگر یہی ٹورنامنٹ سری لنکا یا بنگلہ دیش میں کرادیا جائے تو اخراجات کم ہوسکتے ہیں لیکن ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی تنازعات کمیٹی میں ہرجانے کا جو کیس دائر کیا ہوا ہے اس کی سماعت اکتوبر تک ہوگی اور ہندکا موقف ہے کہ دبئی میں سماعت سے پاکستان کے ساتھ ایشیا کپ کھیلنے سے اس کا کیس کمزور ہوجائے گا۔ ٹورنامنٹ میں ہند کی شرکت مشکوک ہے۔ ماضی میں بھی ہندوستانی ٹیم کے بغیر کئی بار ایشیا کپ کا انعقاد ہوچکا ہے۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، ہند، سری لنکا، بنگلہ دیش اورافغانستان کی ٹیمیں شریک ہوں گی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ مئی2014 ء میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے تھے جس کے مطابق اس نے2015 سے 2023 تک پاکستان کے ساتھ 6ٹیسٹ سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کی تھی جن میں سے 4کی میزبانی پاکستان نے کرنا تھی لیکن پاکستان کے ساتھ ابھی تک کوئی سیریز نہیں کھیلی گئی جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے نقصان کی تلافی کیلئے ہندوستانی بورڈ پر 70ملین ڈالرہرجانے کا دعویٰ کررکھا ہے اور یہی دعویٰ اس ممکنہ فیصلے کی بنیادی وجہ ہو سکتا ہے۔