مسلم لیگ ن کی خاطر شاندار قربانیاں، خاتون اول ہونے کے باوجود سادہ زندگی گزارنا اور خواتین کیلئے فلاحی جدوجہد کرنا ہمیشہ یاد رہے گا
ریاض( ذکاء اللہ محسن ) پاکستان کی سابق خاتون اول کلثوم نواز کی وفات پر مسلم لیگ ن سمیت تمام سیاسی ، ادبی اور مذہبی جماعتوں کے عہدیداروں نے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جمہوریت کیلئے انتھک جدوجہد ، مسلم لیگ ن کی خاطر شاندار قربانیوں اور سادہ زندگی گزارنے پر خراج عقیدت پیش کیا۔ مسلم لیگ ن کے رہنما ڈاکٹر سعید احمد وینس کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز نے اپنی زندگی جس انداز سے گزاری اس کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، 3بار خاتون اول رہنے کے باوجود ہمیشہ سادگی کو اپنا شعار بنایا اور خواتین کی فلاح وبہبود کے لئے کام کیا، مشرف کی آمریت کا مقابلہ اور پارٹی ورکرز کو متحرک کیا ۔خالد اکرم رانا کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز کی جمہوریت کے لئے سیاسی جدوجہد ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ دعا ہے اللہ پاک انکی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے ۔ مسلم لیگ ن یوتھ ونگ سعودی عرب کے سرپرست اعلیٰ چوہدری عبد المجید ، رانا خالد، سینئر نائب صدر رانا خادم حسین، صدر مسلم لیگ ن یوتھ ونگ راجہ یعقوب، جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ن یوتھ ونگ ملک جی ایم سمیت ن لیگی رہنماؤں اور کارکنان نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ایک بہادر خاتون تھیں۔ جمہوریت کیلئے ان کا کردار تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔ پیپلزپارٹی کے رہنما محمد خالد رانا کا کہنا تھا کہ با وقار گھریلو خاتون نے اپنا سیاسی کردار نہایت متانت، وقار اور ثابت قدمی سے ادا کیا۔احسن عباسی نے کہا کہ بیگم کلثوم نواز ، آمریت کے خلاف، جس دلیری سے سینہ سپر ہوئیں وہ تاریخ کا ایک تابناک باب ہے۔ آخری ایام میں جس طرح ان کی بیماری کو مشکوک بنانے کی شرمناک کوشش کی گئی، وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ انڈس فورم کے صدر ذیشان قاضی کا کہنا تھا کہ کلثوم نواز نے جلاوطنی کی زندگی گزاری اس کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔ پاک سرزمین فورم مڈل ایسٹ کے چیف آرگنائزر رکن نیشنل کونسل پاک سرزمین پارٹی شمشاد علی صدیقی ڈپٹی آرگنائزر ڈاکٹر نعیم خان اور مجلس عاملہ کے تمام اراکین نے سابق وزیراعظم نواز شریف سے ان کی اہلیہ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ۔شمشاد صدیقی نے حکومت پاکستان سے اپیل کی کہ وہ نواز شریف اور بیٹی مریم نواز کو فوری طور پر پے رول پر رہا کر یں۔ وسیم ساجد نے کہا کہ کلثوم نواز کی وفات سیاسی و غیر سیاسی لوگوں کے ساتھ ساتھ شریف فیملی کے لئے بھی بڑا صدمہ ہے ۔ پاک میڈیا فورم کے صدر الیاس رحیم جنرل سیکریٹری عابد شمعون اور فنانس سیکریٹری جہانزیب امجد کا کہنا تھا کہ ہم شریف فیملی کے ساتھ اظہار افسوس اور محترمہ کلثوم نواز کی مغفرت کے لئے دعا گو ہیں۔