Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بزنس سنٹر کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہدا ء تقریب

آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل کے صاحبزادے محمد عبداللہ گل کی خصوصی شرکت
 
  • محمد عرفان شفیق ۔ کویت
 
پاکستان بزنس سنٹر کویت کے زیر اہتمام یوم دفاع و شہداء کی مناسبت سے فقید المثال پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں جنگ ستمبر کے غازیوں اور شہدا کی فیملیوں نے خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی سفیر پاکستان غلام دستگیر جبکہ آئی ایس آئی کے سابق سربراہ جنرل حمید گل کے صاحبزادے محمد عبداللہ گل مہمان خصوصی طور پرشریک ہوئے۔ تقریب میں کویت میں خدمت انجام دینے والےحاضر سروس فوجیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ بچوں پر مشتمل فوجی بینڈنے آنے والے معزز مہمانوں کو سلامی دی۔
کویت کی تازہ ترین خبروں کے لئے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں
تقریب کا آغاز کلام پاک کی تلاوت سے ہوا جسکی سعادت قاری عبدالغفور نے حاصل کی جبکہ معروف مدرس سہیل یوسف اور افضل شافی نے پروگرام کی میزبانی کے فرائض انجام دیے۔ تقریب میں حولی پاکستان انگلش اسکول کے بچوں نے شہدا ء اور غازیوں کو ملی نغموں کے ذریعے خراج تحسین پیش کیا۔ شرکاء نے جنگ ستمبر کے شہداء، غازیوں اور فوجی جوانوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کی جنکی بدولت دشمن منہ کی کھانے پر مجبور ہوا۔ 
کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خبروں کے لئے کلک کریں
مقررین نے خطاب کرتے ہوئے جنگ ستمبر کے لمحات کا ذکر کیاجب پاکستانی فوج کے ساتھ ساتھ پاکستانی عوام کا جذبہ بھی دیدنی تھا۔ پاکستانی افواج تو سرحدوں کی حفاظت پر مامور تھیں لیکن پاکستانی قوم صرف اور صرف جیت کے جذبے سے سرشار اور ہمہ تن ملک پر قربان ہونے کے لیے تیار تھی۔سفیر پاکستان نے اپنے خطاب میں بچوں  کی کارکردگی کو سراہا اور انکے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی۔ پاکستان بزنس سنٹر کویت کے ڈائریکٹر حافظ محمد شبیر نے کہا کہ ہمیں اس وقت 1965 کے جذبے کی اشد ضرورت ہے جب تمام پاکستانی بلا تفریق صرف ایک دشمن کے مقابلے میں کھڑے تھے۔آج ہم پاکستان مختلف قومیتوں میں بٹ چکے ہیں، ہمیں چاہیے کہ ہم ایک قوم بن کر پاکستان کے اندورنی و بیرونی حملوں کو ناکام بنائیں۔ 
کویت کی مزید خبروں کے لئے کلک کریں
جنرل حمید گل کے صاحبزادے محمد عبداللہ گل نے اپنے خطاب میں دیار غیر میں مقیم افراد کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کا سرمایہ ہیں، آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان کی سرحدیں محفوظ ہاتھوں میں ہیں۔ تقریب میں شہدا ء کی فیملیوں اور غازیوں کے شیلڈز پیش کی گئیں۔ تقریب میں تصویر گیلری کا بھی اہتما م تھا جس میں شہداء کی تصویریں آویزاں تھیں۔ کویت پاکستان یوتھ سوسائٹی اور پاکستان بزنس سنٹر کی ٹیم کی دن رات کی محنت سے ایک شاندار پروگرام ترتیب دیا گیا، جنکی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔بانی کویت پاکستان یوتھ سوسائٹی محمد نعیم جان اور صدر عبدالوحید نے اپنی ٹیم کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ حافظ محمد شبیر کی زیر سرپرستی اس پروگرام کا انعقاد واقعی کویت کی تاریخ میں اپنی مثال آپ ہے اور اتنی کثیر تعداد میں پاکستانی کمیونٹی کی اپنے اہل خانہ اور بچوں کے ہمراہ شرکت پروگرام کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں:کویت: ڈیم فنڈ میں ایک لاکھ ڈالر کا عطیہ
 

شیئر: