لندن ۔۔۔برطانیہ کے سابق وزیراعظم گورڈن برائون نے خبردار کیا ہے کہ دنیا ایک بار پھر مالیاتی بحران کی طرف بڑھ رہی ہے کیونکہ حکومتیں 10سال قبل پیدا ہونیوالے مالیاتی بحران کی وجوہ کے خاتمے میں ناکام ہو چکی ہیں ۔ انہوں نے گارجین کو ایک انٹرویو میں کہا کہ اس وقت دنیا کسی قائد کے بغیر ہے اور حالت غیر یقینی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس بارے میں آگاہی پیدا کی جائے ۔ برائون نے کہا کہ عالمی معیشت قبل از وقت وارننگ نظام دینے میں ناکام ہو چکی ہے اور اسکی نگرانی کا طریقہ کار بھی موجود نہیں ۔ اب تک ہم معمولی مسائل سے نمٹے ہیں لیکن بڑے مسائل نہیں نمٹائے ۔ اگر بحران پیدا ہوا تو دنیا میں 2008 میں جس قسم کا اتحاد پیدا ہوا تھا وہ نہیں پیدا ہو سکے گا ۔ دریں اثناء وزیراعظم تھریسامے کے ترجمان نے کہا کہ وہ برائون کے تجربے سے اتفاق نہیں کرتے کیونکہ برطانیہ کی معیشت 2008ء کے مقابلے میں سب سے زیادہ مضبوط ہے ۔