شادی کی تقریب میں ڈاکٹر نے خود کو گولی مار لی
قونیا.... جنوبی ترکی کے شہر قونیا میں شادی کی ا یک تقریب کے دوران ایک ہولناک حادثہ اسو قت پیش آیا جب ایک شخص نے جو اطلاعات کے مطابق ڈاکٹر تھا اپنے سر میں گولی مار لی اور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق 39سالہ ڈاکٹر حسن ازمیر نے جو شادی کی تقریب میں شریک تھا اپنی شاٹ گن سے اس جشن میں شرکت کے دوران کئی دوسرے شرکاء کی دیکھا دیکھی ہوائی فائرنگ کرنا چاہتاتھا مگر عین موقع پر بندوق دھوکہ دے گئی اور اسی کا سبب معلوم کرنے کیلئے جب ڈاکٹر ازمیر نے اسے چیک کرنا چاہا تو بے خیالی میںاس نے اپنی شاٹ گن کی نال سر کی جانب رکھی اور پھر ٹریگر دبا دیا۔عینی شاہدین کا کہناہے کہ ڈاکٹر کی موت موقع پر ہی ہوگئی۔ ڈاکٹر حسن جنرل پریکٹشنر تھے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہے جبکہ ہر جانب سے یہ بات سامنے آرہی ہے کہ بندوق سے اچانک فائر ہوا تھا۔