دہلی اور لکھنؤ ایئرپورٹ کو دنیا کے بہترین ہوائی اڈے کا خطاب
نئی دہلی۔۔۔۔بین الاقوامی ہوائی اڈہ بورڈ کی جانب سے (اے سی آئی) دہلی کے اندرا گاندھی انٹر نیشنل ایئر پورٹ ،لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ بین الاقوامی ہوائی اڈے اور ممبئی کے چھتر پتی شیواجی انٹر نیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک کے 11ہوائی اڈوں کو انعام سے نوازاگیا۔دہلی اور ممبئی کے ایئرپورٹ پر معیاری خدمات اور اعلیٰ انتظامات کے باعث بہترین ہوائی اڈے کا خطاب دیا گیا۔انٹر نیشنل ایئرپورٹ کونسل نے ہیلی فیکس کینیڈا میں منعقدہ’’ اے سی آئی ورلڈ کسٹمر ایکسی لینس گلوبل سمیٹ‘‘میں 2017کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر مختلف درجوں میں ہوائی اڈوں کو انعامات سے نوازا گیاجس میں ہند کے 11ہوائی اڈے شامل ہیں۔ دہلی اور ممبئی ہوائی اڈوں سے مسافروں کی سالانہ آمدورفت کی تعداد 4کروڑ سے زائد ہے۔ اس وجہ سے دنیا کابہترین ہوائی اڈہ شمار کیا گیا۔سالانہ20سے 50لاکھ مسافروں کی آمدورفت کے حوالے سے لکھنؤ ایئرپورٹ کو پہلا مقام حاصل ہوا۔ لکھنؤ ایئر پورٹ کے ڈائریکٹر اے کے شرما نے انعام حاصل کیا۔ 20لاکھ سے کم مسافروں کی آمدورفت والے ہوائی اڈوں میں اندور ایئرپورٹ کو انعام دیا گیا۔حیدرآباد ہوائی اڈے کو سالانہ50لاکھ سے زائد مسافروں کی آمدورفت والے ایئرپورٹ میں بہترین شمار کیا گیا جبکہ اسی فہرست میں کوچین، کولکتہ اور پونے کے ہوائی اڈوں کو تیسرے مقام پر رکھا گیا۔ ڈیڑھ کروڑ سے ڈھائی کروڑ سالانہ مسافروں کی آمدورفت والے ہوائی اڈوں میں بنگلور دنیا میں دوسرا اور چنئی ہوائی اڈے کو تیسرا مقام حاصل ہوا۔