میرا مقصد، بی جے پی کو ہراناہے، چندرشیکھر
سہارنپور۔۔۔۔۔دلت نوجوانوں کے رہنما،بھیم آرمی کے بانی چندرشیکھر عرف راون کورات گئے سہارنپور جیل سے رہا کر دیا گیا۔ جیل کے باہر ہزاروں کی تعداد میںشیڈول کاسٹ نوجوانوں نے ان کا استقبال کیا اورخوشیاں منائیں۔راون کو گزشتہ سال ہماچل پردیش کے ڈلہوزی سے گرفتار کیا گیا تھا۔واضح ہو کہ سہارنپور کے شبیر پور گاؤں میں دلتوں اور ٹھاکروں کے درمیان جھگڑا ہوا توٹھاکروں نے دلتوں کے گھروں پر حملہ کر دیا تھا۔ اس جھگڑے کے بعد سیکڑوں دلت نوجوانوں پر مقدمہ درج کیا گیا اور 50 سے زائدبھیم آرمی کارکنان کو جیل بھیج دیا گیاتھا۔ چندر شیکھر پر تشدد بھڑکانے کے الزام میں آدھادرجن مقدمات قائم کرنے کے علاوہ قومی سلامتی ایکٹ کے تحت بھی کارروائی کی گئی۔ گزشتہ شام ریاستی حکومت نے چندر شیکھر راون کو ان کے 2ساتھیوں شیو کمار جاٹو سونوکو رہا کردیا ۔ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ چندرشیکھر کی ماں کملیش دیوی کی درخواست پر این ایس اے کو قبل از وقت ہٹا لیا گیاجس کی مدت کا وقت یکم نومبر کو مکمل ہورہا تھا۔ انہیں اس قانون کے تحت کارروائی کئے جانے کی وجہ سے 10 مہینے 13 دن کا اضافی وقت جیل میں گزارنا پڑا۔جیل سے رہا ہونے کے بعد چندر شیکھر راون نے کہا کہ وہ سماج کیلئے لگاتار جد و جہد کرتے رہیں گے۔ بی ایس پی سپریمو مایاوتی ان کی پھوپھی کی طرح ہیں اور وہ ان کی مخالفت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ 2019 میں وہ خود چناؤ نہیں لڑیں گے لیکن بی جے پی کو ہرانے کی کوشش کرینگے۔