Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے پرندوں کودیتی ہیں دانا پھر کھاتی ہیں کھانا؟

گڑگاؤں۔۔۔۔ آلودگی اوربھاگ دوڑ والے شہر گڑگائوں میں پرندے لاپتہ اور شہر سے دور ہورہے ہیں۔اس کی اصل وجہ شہروں میں درختوں کی کمی ہے۔شہر میں آج بھی کچھ لوگ باقی ہیں جوپرندوں کو محفوظ اور پرسکون اور قدرتی ماحول فراہم کرنے کی ہر ممکن کوششوں میں مصروف ہیں۔ پالم ویہار علاقے میں رہنے والی سیما ورما نے پرندوں کے آرام و راحت کیلئے گھر کے گارڈن میں گھونسلے نصب کررکھے ہیں جہاں پرندوں نے اپناآشیانہ بنارکھا ہے۔سیما نے یہ گھونسلے اپنے دونوں بیٹوں یوگانش اور نور کی مدد سے تیار کئے۔ سیما نے بتایا کہ پرندوں سے ان کا جذباتی رشتہ ہے۔ وہ پہلے پرندوں کو دانا دیتی ہیں اس کے بعد خود کھانا کھاتی ہیں۔ وہ چڑیوں کی محافظ بن کر کام کررہی ہیں تاکہ علاقے کے لوگوں کو بھی ان کے کام سے دلچسپی پیدا ہو اور لوگ ان کی تقلید کریں۔گڑگائوں کے وشواس نے بتایا کہ 6برسوں سے گھریلو چڑیوں (گوریا) کو بچانے کی مہم جاری ہے۔ ان چڑیوں کی افزائش نسل کیلئے اپنے گھر میں متعدد گھونسلے نصب کئے۔ جہاں گوریا اور ان کے بچے پرورش پاتے ہیں۔ وشواس گھونسلا بناکر لوگوں کو بھی دیتے ہیں تاکہ ان سے پرندوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ ابتک600سے زائد گھونسلے علاقے میں تقسیم کرچکے ہیں۔ گڑگائوں میں انڈسٹریل زون، ہائی ٹیک ادارے اور تجارتی مراکز قائم ہونے سے بڑے پیمانے پر درختوں کی کٹائی سے پرندے وہاں سے دیگر مقامات کی طرف جانے لگے ہیں۔پہلے گھروں کے اطراف چڑیوں کا جھنڈ نظر آتا تھا اب ایک پرندہ بھی نظر نہیں آتا۔ اس سے وشواس کے ذہن پر ایسا اثر پڑا کہ انہوں نے پرندوں کیلئے گھونسلے بناکر تقسیم کرنے کا کام شرو ع کردیا۔
مزید پڑھیں: - - - -راجستھان میں روڈویز ملازمین کی ہڑتال،5ہزار بسیں بند

شیئر: