ریاست اتراکھنڈ نے گائے کو’’راشٹرماتا‘‘قراردیدیا
جمعرات 20 ستمبر 2018 3:00
دہرہ دون۔۔۔۔ اترا کھنڈ گائے کو’’ راشٹر ماتا‘‘ قراردینے والی ملک کی پہلی ریاست بن گئی ۔ ریاستی اسمبلی میں یہ بل پاس ہوگیا اور اب مرکز سے اجازت حاصل کرنے کیلئے ارسال کردیا گیا۔اترا کھنڈ کی وزیر مویشی پروری ریکھ آریہ نے اترا کھنڈ اسمبلی میں بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم سبھی گائے کی اہمیت سے واقف ہیں۔یہ لوگوں کی روزی روٹی کا ذریعہ ہے اور بہت سے خاندان اس پرمنحصر ہیں۔ گائے کے تحفظ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ اترا کھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن رہنما اندرا ہردیش نے کہا کہ ہم سبھی گائے کا احترام کرتے ہیں لیکن یہ بات سمجھ سے بالا ہے کہ بی جے پی گائے کو راشٹرماتا قراردیکر کیا ثابت کرنا چاہتی ہے۔ ریاست کے گئو شالاؤں میں لاغر اور بیمار گایوں کو لوگ چھوڑ جاتے ہیں جہاں ان کا کوئی پرسان حال نہیں ہوتا۔گایوں کی دیکھ بھال کے بہتر انتظامات ہونے چاہئیں۔بی جے پی ، کانگریس اور آزاد امیدواروں کی رائے جاننے کے بعداسمبلی کے اسپیکر پریم چند اگروال نے ووٹنگ کی بنیاد پر بل پاس کیا۔