ضوابط کی خلاف ورزی پر طبی عملے کے 5 افراد کے خلاف کارروائی
اتوار 22 دسمبر 2024 12:49
’پیشے کی اخلاقیات اور طے شدہ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے‘ ( فوٹو: سبق)
وزارت صحت نے کہا ہے کہ پیشے کی اخلاقیات اور طے شدہ اصول و ضوابط کی خلاف ورزی پر طبی عملے سے تعلق رکھنے والے 5 افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق زیر علاج مریض کی ویڈیو بنانے، بیماری اور علاج معالجے کی وضاحت کے لیے مریض کے جسم کے اعضا دکھانے اور غیر اخلاقی الفاظ استعمال کرنے کے علاوہ دیگر خلاف ورزیاں سوشل میڈیا پر شیئر کرنے پر کارروائی کی گئی ہے‘۔
وزارت نے کہا ہے کہ ’جن افراد کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ان کی طرف سے سرزد ہونے والے اعمال معاشرے کی اخلاقیات اور پیشے کی اخلاقیات کے خلاف ہیں‘۔
’وزارت نے مذکورہ افراد کو کام سے روک دیا ہے اور انہیں کارروائی کے لیے تفتیشی ادارے کے حوالے کیا گیا ہے‘۔
وزارت نے طبی عملے پر زور دیا ہے کہ مریض کے حقوق کے تحفظ کے لیے پیشے کی اخلاقیات اور طے شدہ ضوابط و اصولوں کی پابندی کریں۔
وزارت نے یاد دلایا ہے کہ سائبر کرائم کے ارتکاب پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی جس کی سزا 5 سال قید اور 30 لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔