سعودی عرب کے امن سے کھیلنے کی اجازت نہیں دینگے، شہزادہ محمد بن سلمان
جدہ ... ولی عہد ، نائب وزیراعظم و وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے واضح کیا ہے کہ آج سعودی عوا م و قائدین سعودی عرب کا 88واں یوم الوطنی منا رہے ہیں۔ اس موقع پر سعودی عرب کو اسلامی ، عرب دنیا او رپورے جہاں میں شاندار مقام حاصل کرنے اور اقتصادی و ترقیاتی کامیابیاں ریکارڈ تعداد میں ملنے پرہمیں فخر بھی ہے اور اس پر اللہ تعالیٰ کا شکر بھی ہے۔ یوم وطنی بانی مملکت شاہ عبدالعزیز رحمتہ اللہ علیہ اور پھر ان کے بعد ان کے حکمراں بیٹوں کے کارناموں کی یاد تازہ کرنے والا دن ہے۔ اس موقع پر خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر قیادت مملکت کی ترقی او رخوشحالی کا ذکر جمیل بھی یوم وطنی کا اہم حصہ ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے ان اثرات او رخیالات کا اظہار یوم وطنی کے موقع پر سعودی عوام کے نام جاری کردہ پیغام میں کیا ہے۔ انہوں نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناءاور پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم پر دروود و سلام کے بعد اپنے پیغام میں تحریر کیا کہ آج ہماری عظیم ریاست اپنا یوم وطنی منا رہی ہے۔ اس موقع پر بانی مملکت شاہ عبدالعزیز بن عبدالرحمن آل سعود رحمتہ اللہ علیہ کے تاریخی کارنامے کی یادیں تازہ کی جارہی ہیں جنہوں نے اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے وطن عزیز کا پراگندہ شیرازہ جمع کیا او رپھر ان کے بعد ان کے پاکباز فرزندوں نے ریاست کے ستون استوار کرکے اس عظیم الشان ریاست کی تعمیر کے کاررواں کو قدم بقدم آگے بڑھایا۔ محمد بن سلمان نے کہا کہ ہمیں یوم وطنی کا جشن مناتے ہوئے اس بات پر فخر ہے کہ وطن عزیز سعودی عرب نے بین الاقوامی، اسلامی او رعرب سطح پر قابل قدر مقام بنایا۔ علاقائی اور عالمی امن و سلامتی کے عمل میں موثر کردارادا کیا۔ اقتصادی اور ترقیاتی کارنامے انجام دیئے۔ اقتصادی خوشحالی اور سماجی سلامتی کے اہداف حاصل کئے۔ انکا سہرا فرزندان اور بنات وطن کی کوششوں کے سر جاتا ہے۔ تمام سرکاری اداروں نے ایک ٹیم کے طور پربدعنوانی کے انسداد اورشفاف ماحول کے فروغ کیلئے عدل و انصاف کے اصول راسخ کئے۔ سعودی وژن 2030کے مقاصد کیلئے ٹھوس جدوجہد کی۔ سعودی وژن 2030 مستقبل کا روڈ میپ ہے۔ یہ وطن عزیز سعودی عرب کو دنیا کی ترقی یافتہ اقوام کا صدر نشین بنانے کیلئے ترتیب دیا گیا ہے۔ اس پر عمل درآمد کا پابندی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ شاہی ہدایات کے مطابق کام انجام دیئے جارہے ہیں۔ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہماری مسلسل سرپرستی کررہے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کے یوم وطنی کا جشن ہم سے یہ تقاضا کرتا ہے کہ ہم اس بات پر اللہ تعالیٰ کی حمد و ثناءبیان کریں اور جی جان سے اس بات کیلئے اسکا شکر ادا کریں کہ اس نے ہمیں حرمین شریفین کی خدمت اور حجاج و معتمرین و زائرین کی نگہداشت کا اعزاز بخشا۔ سعودی عرب نے 1439ھ کے حج موسم میں جس اندازسے ضیوف الرحمن کی خدمت کی اس سے اس اعزاز کا حق ادا کرنے کی جھلک نظر آتی ہے۔ ہم اس بات پر اللہ تعالیٰ کے ثناءخواں ہیں کہ اس نے سعودی حکومت اور اس کے میزبان عوام کو مناسک حج کی ادائیگی میں سہولتیں پیش کرنے کا اعزاز عطا کیا۔ سعودی حکومت اور اسکے عوام مشاعر مقدسہ کی مسلسل ترقی کیلئے کوشاں ہیں۔ مناسک حج کی ادائیگی کو آسان سے آسا ن تر بنانے کیلئے مطلوبہ خدمات کی فراہمی کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنائے ہوئے ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ وطن عزیز سعودی عرب کو یہ اعزاز بھی نصیب ہے کہ یہاں سے اسلام کا سورج طلو ع ہوا او ریہیں سے پیغمبر اسلام کی سنت مبارکہ کی روشنیاں پوری دنیا میں پہنچیں۔ سعودی عرب دین حنیف کے غیر متزلزل اصولوں ، اسلام کی روا داری، میانہ روی اور اعتدال پسندی کا ترجمان بنا رہیگا۔ انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خلاف انتھک جدوجہد جاری رکھے گا۔ سعودی عرب اس حوالے سے وہی کچھ کریگا جس کی تاکید میر کاررواں خادم حرمین شریفین نے یہ کہہ کر کی ہے ”ہمارے درمیان کسی انتہا پسند اور اعتدال کو انحراف قرار دینے والوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔ ہمارے درمیان ایسے شخص کیلئے کوئی گنجائش نہیں جو روا داری کے علمبردار ہمارے عقائد ناجائز مقاصد کے حصول کیلئے استعمال کرے۔ ہمارے درمیان ایسے اخلاق باختہ انسان کیلئے بھی کوئی جگہ نہیں جو انتہا پسندی کے خلاف ہماری جنگ کو انحطاط کے پرچار اور دین حق کی آسانی کو اپنے اہداف کے حصول کا وسیلہ بنا رہا ہو“۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب کی قومی خودمختاری کو چوٹ پہنچانے یا اس کے امن و امان سے کھلواڑ کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دی جائیگی۔ ولی عہد نے اپنے بیان کا اختتام کرتے ہوئے کہا کہ اس گرانقدر مناسبت پر زندگی کے تمام شعبوں میں فرزندان وطن کی جدوجہد پر انہیں خراج تحسین پیش کرنا ضروری سمجھتا ہوں۔ خصوصاً وطن عزیز کے فوجیوں اور اسکے امن کے محافظوں نے وطن کے دفاع کے لئے شاندار قربانیاں دی ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اللہ تعالیٰ سے شہداءکیلئے رحمت و مغفرت اور زخمیوں کیلئے شفا ءکی دعا کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ ہمارے میرکاررواں خادم حرمین شریفین کی پاسبانی کرے اور وطن عزیز کے امن اور خوشحالی کو پائدار بنادے۔ اللہ بہت زیادہ سننے اور قبول کرنے والا ہے۔