وزیر اعظم کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج
اسلام آباد: عدالت عظمیٰ نے وزیر اعظم عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست خارج کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس ثاقب نثار کی زیر سربراہی جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل 3 رکنی بنچ نے وزیر اعظم کی نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر دانیال تنویر نے عدالت میں پیش ہوکر درخواست واپس لینے کی استدعا کی جس پر عدالت نے درخواست خارج کردی۔ واضح رہے کہ ن لیگی رہنما بیرسٹر دانیال چوہدری نے 2017ءمیں عمران خان کے خلاف عدالت عظمیٰ کو درخواست دی تھی۔ جس میں عمران خان کو اخلاقی جرائم پر نااہل قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان نے 2013ءکے انتخابات میں جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی میں بچوں سے متعلق حقائق چھپائے ، اس لیے وہ آرٹیکل 62 کے تحت اہل نہیں۔