اعتدال پسند شیعہ سنی ہر جگہ متحد، فرقہ واریت سیاسی کھیل ہے، العیسیٰ
بیروت.... رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل شیخ ڈاکٹر محمد العیسیٰ نے واضح کیا ہے کہ اعتدال پسند شیعہ ، سنی ہر جگہ اسلام کے سائبان تلے جمع ہیں۔ دونوں فرقوں کے اعتدال پسندوں کے درمیان نہ کوئی تصادم ہے اور نہ محاذ آرائی کا ماحول ۔ دونوں فرقوں کے اعتدال پسند عناصر اسلام کے سائبان تلے متحد ہیں۔ سچی حب الوطنی اور خیر پسندی سے محبت کے رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔ کثرت رائے اور خیالات میں تنوع کو خالق حقیقی کی دین سمجھتے ہیں۔ العیسیٰ نے توجہ دلائی کہ محاذ آرائی فرقہ وارانہ انتہا پسندوں کے ساتھ ہے۔ ان میں سنی یا شیعہ سب ایک پیچ پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتہا پسندانہ فرقہ واریت سیاسی کھیل ہے۔ سیاستدان اسے معاشروں کی تباہی اور دونوں فرقوں کے لوگوں کے درمیان نفرت و عداوت کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ وہ بیروت میں شیعہ فرقے کے ممتاز علماءسے ملاقاتوں کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ العیسیٰ نے شیعہ اعلیٰ اسلامی کونسل کے سربراہ شیخ عبدالامیر قبلان اور مفتی الجعفری، شیخ احمد قبلان سے ملاقاتیں کیں۔ انہوں نے باہمی دلچسپی کے امور او ردوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ رابطہ عالم اسلامی کے سیکریٹری جنرل نے دورہ لبنان کے موقع پر مفتی لبنان شیخ عبدالطیف دریان سے دارالفتویٰ بیروت میں ملاقات کرکے کہا کہ لبنان برادر ملک ہے۔ اس کی تاریخی او رتمدنی حیثیت ہے۔ لبنانی دارالفتویٰ نے اسلامی میانہ روی اور قومی ہم آہنگی کے فروغ میں قابل قدر کردار ادا کیا۔ محبت ، رواداری اور وضعداری کا مظاہرہ کیا۔ دہشت گرد جماعتوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی ہر طرح کی فکری انتہا پسندی کا مقابلہ کیا۔ العیسیٰ نے مارونیوں کے مذہبی پیشوا مار بشارہ بطرس الراعی سے ملاقات کر کے باہمی دلچسپی کے امو رپر تبادلہ خیال کیا۔ باہمی محبت ، احترام اور تعاون کی علمبردار قدروں کے فروغ ، نفرت اور تمدنی و مذہبی و ثقافتی تصادم کی علمبردار طاقتوں سے مقابلے او رتکثیری معاشرے کو قانون ربی کے مطابق ماننے منوانے کیلئے مکالمے کی اہمیت پر زور دیا۔ العیسیٰ نے رومی آرتھوڈیکس کے رہنما الیاس عودہ سے بھی ملاقات کی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ مذہبی رہنما موثر کردار ادا کر کے امن وسلامتی اور باہمی الفت و تعاون کی اقدار کو راسخ کر سکتے ہیں۔ العیسیٰ نے لبنان میں درزی فرقے کے سربراہ شیخ نعیم حسن ،بیروت میں پادریوں کے سربراہ بولس متر،کلدانی فرقے کے سربراہ مشال قصارجی اور ارمن کیتھولک گرجا گھر کے کریکور بدروس سے بھی ملاقاتیں کیں۔