Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شمالی ہند میں سیلاب اور تودہ گرنے سے،25افراد ہلاک

نئی دہلی۔۔۔شمالی ہند کی 5ریاستوں میں بن موسم برسات سے نظام زندگی درہم برہم ہوکر رہ گیا۔مسلسل بارش کے بعدپنجاب میں ریڈ الرٹ جاری کردیاگیا۔ اب تک تقریباً25افراد ہلاک ہوگئے۔ہماچل پردیش میں 8،جموں کشمیر میں 7،پنجاب میں 6اور ہریانہ میں 4افراد لقمہ اجل بن گئےجبکہ 1600سے زائد سیلابی ریلے ، تفریحی مقامات اوربارش کے پانی میں پھنس  گئے ۔ہندوستانی فضائیہ کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے 19افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔ دیگر کو سیلاب سے نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچانے کی کارروائی جاری ہے۔ گزشتہ روز شمال مغربی  علاقے میں 454فیصد زیادہ بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ہماچل پردیش، جموں و کشمیر ، ہریانہ اور اتراکھنڈ علاقوں میں بارش کا سلسلہ 29ستمبر تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ گجرات اور مغربی بنگال میں تیز ہوائیں چلنے سے اوڈیشہ میں سائیکلو ن آیا ۔ ہریانہ کے بالائی علاقوں میں ہوا کا دبائو کم ہونے کی وجہ سے شدید بارش ہورہی ہے۔ پنجاب میں گزشتہ روز کپور تھلہ میں 6مکانات کی چھتیں منہدم ہوگئیں جس میں 2بچوں سمیت 3افراد کی موت ہوگئی جبکہ 13زخمی ہوگئے ، جالندھر میں بارش کا پانی جمع ہوگیا جس میں 8ماہ کی بچی ڈوب کر ہلاک ہوگئی ۔ ہریانہ میں بارش کے مختلف واقعات میں 6افراد ہلاک اور 20زخمی ہوگئے۔ میرٹھ اور سہارنپور میں دیوارگرنے سے ایک شخص کی موت ہوگئی ۔ بجنور اور شاملی میں بجلی گرنے سے ایک خاتون ہلاک ہوگئی۔جموں و کشمیر میں بارش کے بعد مکان زمین بوس ہونے سے 5افراد ملبے تلے دب کر جان گنوا بیٹھے جبکہ ضلع کٹھوعہ میں 2افراد کی موت ہوئی۔کُلّو اور کانگڑا میں سیلابی ریلے میں 4افراد بہہ گئے جبکہ چمبا ، دھرم شالہ اور اونا میں 7ماہ کی بچی سمیت 3افرادموت کے منہ میں چلے گئے۔
مزید پڑھیں:- - - -ہماچل پر دیش: ٹریکنگ کیلئے جانیوالے35طلبہ لاپتہ

شیئر: