ہماچل پر دیش: ٹریکنگ کیلئے جانیوالے35طلبہ لاپتہ
شملہ۔۔۔۔ہماچل پردیش کے لاہو تفریحی مقام پر ٹریکنگ کیلئے جانیوالے آئی آئی ٹی کے 35طلبہ لاپتہ ہوگئے۔ علاقے میں شدید بارش و برفباری کی وجہ سے موسم خراب ہوگیا۔لاپتہ طالب علم کے والد نے بتایا کہ گروپ کے لوگ ہمپٹا مقام پر ٹریکنگ کیلئے گئے ہوئے تھے جہاں سے مشہور تفریحی مقام منالی واپس ہونے والے تھے ۔ گروپ کے کسی بھی طالب علم سے رابطہ نہیں ہوسکا۔ واضح ہو کہ ہماچل پردیش کے مختلف مقامات پر شدید بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ضلع منالی میں ایک سیاحتی بس سیلابی ریلے میں تنکے کی طرح بہہ گئی۔کُلّو میں ایک لڑکی سمیت 4افراد ہلاک جبکہ ضلع کانگڑا میں ایک شخص کی موت ہوگئی۔ریاست میں طوفانی بارش سے سیلابی کیفیت پیدا ہوگئی اورجگہ جگہ تودے گرنے کے واقعات رونما ہوئے۔احتیاط کے طور پرکانگڑا، کُلّو اور ہمیر پور اضلاع میں منگل کو اسکول بند رکھے گئے۔سیلابی ریلے میں متعدد کچے مکانات بہہ گئے۔دریائے بیاس میں پانی کی سطح خطرے کے نشان سے اوپر ہوچکی ہے ۔ہماچل کے وزیر جنگلات گووند سنگھ ٹھاکرنے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ دریاؤں ، برساتی نالوں اور نشیبی علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔کُلّو میں ضلع انتظامیہ نے ہائی الرٹ جاری کردیا۔ ابتدائی اندازے کے مطابق یہاں20کروڑ روپے مالیت کی جائداد کو نقصان پہنچا۔کُلّو کے محکمہ سیاحت و ترقیات کے اعلیٰ افسر بی ایس نیگی نے کہا کہ پیراگلائڈنگ اور ٹریکنگ جیسے کھیلوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ریاست کے 12اضلاع میں سے 10اضلاع شدید بارش اور برفباری کی زد میں ہیں۔ یہاں تودے گرنے سے378سڑکیں اور شاہراہیں بند ہوگئیں ۔منالی کا رابطہ ریاست کے دیگر علاقوں سے منقطع ہوگیا۔