سانحہ ماڈل ٹاؤن‘ عوامی تحریک کی درخواست مسترد
لاہور: عدالت عالیہ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں ن لیگ کی قیادت سمیت دیگر رہنماؤں کے نام استغاثہ میں شامل کرنے کی درخواست مسترد کردی۔ ذرائع کے مطابق پاکستان عوامی تحریک نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس کے مطابق دہشت گردی کی عدالت میں زیر سماعت استغاثہ میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، صدر شہباز شریف اور دیگر رہنما حمزہ شہباز، رانا ثنا اللہ، خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی اور چودھری نثار کے نام استغاثہ میں شامل کرکے دہشت گردی کی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے۔
عدالت عالیہ نے پاکستان عوامی تحریک کی جانب سے دی گئی درخواست مسترد کرتے ہوئے ماتحت عدالت کا فیصلہ برقرار رکھا ہے۔ اس موقع پر جسٹس قاسم علی خان نے ساتھی ججز کے فیصلے سے اختلاف کی بنیاد پر اختلافی نوٹ بھی تحریر کیا ہے۔