Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

50 لاکھ گھر منصوبہ‘ فوج کی تعاون کی پیشکش

اسلام آباد:  حکومت کی جانب سے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز آیندہ ماہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے فوج نے بھی منصوبے یں اپنے تعاون کی پیشکش کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹاسک فورس برائے ہائوسنگ کا اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے وزیر ہائوسنگ میاں محمود الرشید، رکن اسمبلی نجیب ہارون، کوارٹر ماسٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز، ڈائریکٹر جنرل آرمی لینڈ میجر جنرل نوید صفدر، سیکرٹری ہاوسنگ ڈاکٹر عمران زیب خان، ارشد داد، یعقوب طاہر اظہار، علی ظفر، ضیغم محمود رضوی، اخوت فائونڈیشن کے سلیم رانجھا اور دیگر شریک تھے ۔ وزیراعظم کو ٹاسک فورس نے 50 لاکھ گھروں کی تعمیر سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ منصوبے کی پلاننگ، عملدرآمد اورنگرانی کا طریقہ کار شفاف انداز میں وضع کیا گیا۔ یہ منصوبہ کم آمدن رکھنے والے شہریوں کے لیے ہے جبکہ کچی آبادیوں کو باضابطہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم کو بتایاگیا کہ اس حوالے سے کثیرالجہتی پہلوئوںکے پیش نظر ایک جامع ہائوسنگ پالیسی مرتب کی جا رہی ہے جس کا مقصد سازگار ماحول اور ون ونڈو آپریشن کی سہولت مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروںکو فراہم کرنا بھی ہے ۔ منصوبے پر یقینی عمل کے لیے ایک سپریم باڈی قائم کی جائیگی وزیراعظم نے اس منصوبے کی ذمہ داری لینے کا پہلے ہی فیصلہ کیا ہوا ہے جس سے نہ صرف 50 لاکھ بے گھر شہریوں کو ذاتی چھت کی فراہمی ممکن ہو سکے گی تاہم ساتھ ہی ایک بڑی اقتصادی سرگرمیوں کے آغاز اور نوجوانوں کے لئے ملازمتوں کے مواقع کی فراہمی کا سبب بنے گی۔
لیفٹیننٹ جنرل معظم اعجاز نے اپنے افسران اور جوانوں کے لیے رہائشی ضروریات کو پوراکرنے کے لیے آرمی کے تجربات کے حوالے سے تفصیلی آگاہی دی۔ انہوں نے 50 لاکھ رہائش گاہوں کی فراہمی کے منصوبے عمل کے لیے فوجی تجربہ کے ساتھ خدمات کی فراہمی کی پیشکش بھی کی۔
مزید پڑھیں:- - - -  - کروڑوں مالیت کی غیر ملکی کرنسی اسمگلنگ کی کوشش ناکام

شیئر: