ریاض.... خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد مملکت شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیزآل سعود نے انڈونیشیاءمیں سونامی سے ہونے والی تباہی پر اپنے غم کا اظہار کرتے ہوئے تعزیتی پیغام ارسال کیا ۔ سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی جانب سے انڈونیشی صدر جوکو ویدودوکو ارسال کئے جانے والے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں جب اس خبر کا علم ہوا کہ جمہوریہ انڈونیشیا کے صوبے مالو میں سونامی سے بڑے پیمانے پر تباہی پھیلی ہے توہمیں انتہائی صدمہ پہنچا۔غم و اندوہ کے ان لمحات میں ہم آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔ ہم اپنی اور حکومت سعودی عرب کی جانب سے سونامی میں ہلاک ہونے والوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہیں اور جاں بحق ہونے والوں کے لئے مغفرت اور انکے لواحقین کےلئے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں ساتھ ہی بیماروں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دعا گو ہیں ۔