گالف کی گیند لگنے سے خاتون کی آنکھ ضائع
پیرس:یورپ اور امریکہ کے درمیان ہونے والے گالف مقابلے رائیڈر کپ کے دوران امریکی گالفر اور یو ایس چیمپیئن بروکس کوئیپکا کی ایک شاٹ سے تماشائی خاتون کی آنکھ ضائع ہوگئی جس پر اس نے ٹورنامنٹ کے منتظمین کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان کیا ہے۔ یہ واقعہ فرانسیسی دارالحکومت پیرس کے قریب ہونے والے ٹورنامنٹ کے پہلے دن پیش آیا ۔ا مریکی گالفر بروکس کوئیپکا کے اندازے کی غلطی کے باعث گیند گالف کورس کے بجائے تماشائیوں کی جانب چلی گئی اور 49 سالہ خاتون کورینے ریمانڈے کی دائیں آنکھ پر جا لگی۔ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ سر کی ہڈی ٹوٹنے کے علاوہ خاتون کی دائیںآنکھ بھی پھٹ گئی ہے جس سے آنکھ ضائع ہوگئی ہے۔کورین ریمانڈے کا کہنا تھا کہ انہیں امریکی گالفر سے کوئی شکوہ نہیں جس نے فوراً ہی معذرت کرلی تھی اور وہ اس کے بجائے ٹورنامنٹ کے منتظمین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہی ہیں کیونکہ ان کے غیر محفوظ انتظامات کی وجہ سے مجھے اس صورتحال سے دوچار ہونا پڑا۔یہ فرانسیسی خاتون اپنے شوہر کے ساتھ مصر کی سیاحت چھوڑ کر ٹورنامنٹ دیکھنے فرانس پہنچی تھیں۔ رائیڈر کپ ہر 2 سال بعد امریکہ اور یورپ کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جاتا ہے اور اس مرتبہ امریکی ٹیم نے یہ ٹورنامنٹ جیتا ہے۔اس واقعے کے بعد بروکس کوئیپکا کافی پریشان نظر آئے تاہم بعد میں سنبھل گئے اور اچھے کھیل کا مظاہرہ کرنے میں کامیاب رہے۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں