نظام حیدرآباد کے مشہور " چومحلہ پیلس" کی تزئین و آرائش
حیدرآباد- - - - -نظام حیدرآباد کے مشہور چومحلہ پیلس کی تزئین نو کاکام تیز رفتاری کے ساتھ کیاجارہا ہے۔یہ پیلس جس میں 4 چھوٹے چھوٹے محل ہیں، پرانا شہر حیدرآبا دمیں واقع ہے ۔اس کی کھوئی ہوئی عظمت کو بحال کرنے کیلئے حال ہی میں بیلجیئم کے 19فانوس لگائے گئے ہیں ۔محل کی تعمیر تقریباً 200سال پہلے ہوئی تھی۔یہ محل اپنے انوکھے انداز کے طرز تعمیر کیلئے مشہور ہے ۔اس میں تمام سرکاری تقاریب بشمول نظام کی تخت نشینی کی تقاریب بھی ہوا کرتی تھیں ۔اس کے تحفظ اور تزئین نو کا کام تقریباً مکمل ہوگیا ہے۔زیادہ تر کام رنگ روغن اور عمارتوں کی مرمت سے متعلق ہیں۔توقع کی جارہی ہے کہ نومبر تک یہ کام مکمل کرلئے جائیں گے۔روزانہ ہزاروں افراد چومحلہ پیلس دیکھنے کے لئے پرانا شہر آتے ہیں ۔پیلس میں نظام دکن کی جانب سے شاہی مہمانوں اورسرکاری مہمانوں کو ٹھہرایابھی جاتا تھا ۔یہ اپنے دربار ہال کیلئے بھی مشہور ہے۔اس میں مغلیہ طرز کی گنبدیں ،کمانیں اور ایرانی طرز کی استر کاری ،پیچیدہ نقاشی کا کام بھی کیا گیا ہے۔اس میں باغات بھی لگائے گئے ہیں جو پُرکشش ہیں۔اصلاح و مرمت اور تزئین نو کے ذریعے اسکی عظمت برقراررکھنے کی کوششیں جاری ہیں ۔ اس سلسلے میں35لاکھ روپئے خرچ کئے جائیں گے۔اس کام کیلئے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے حامل کاریگروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں جو روایتی طرز کی تکنیک کا استعمال کر رہے ہیں تاکہ اس کے وقار اور معیار کو برقراررکھا جاسکے۔