کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی جانب سے حکومت کو پیغام دیا گیا ہے کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہیں کیے جاتے تو وہ حکومت سے علاحدگی پر غور کر سکتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم (پاکستان) کے رہنما عامر خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے 100 دن دیکھ رہے ہیں۔ اس دوران اگر مطالبات منظور نہیں ہوئے تو پھر ہمیں حکومت میں رہنے کا کوئی شوق نہیں ہے۔کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عامر خان نے مزید کہا کہ حالیہ انتخابات میں جو کچھ ہوا، وہ اب دوبارہ نہیں ہوگا۔ ہم اپنے پارٹی کارکنوں کو پولنگ ایجنٹ بنائیں گے جو کسی بھی قیمت پر فارم 45 لیے بغیر پولنگ اسٹیشن سے نہیں نکلیں گے۔