کویت: پانچویں سالانہ ٹیپ بال ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب
محمد عرفان شفیق ۔کویت
یوتھ ونگ اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے پانچویں سالانہ ٹیپ بال کرکٹ ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب کا انعقاد خیطان اسلامک کلچر سنٹر میں کیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت حافظ حفیظ الرحمن تھے۔پروگرام کا باقاعدہ آغازتلاوت قرآن حکیم سے ہوا۔ یہ سعادت حافظ بدراخلاق نے حاصل کی۔ وسیم باجوہ نے احادیث مبارکہ حاضرین کی خدمت میں پیش کی۔ نظامت کے فرائض یوتھ ونگ کے نوید پاشا نے نہایت خوش اسلوبی سے انجام دیتے ہوئے کرکٹ ٹورنامنٹ کی اہمیت پرگفتگو کی اور یوتھ ونگ کویت کے صدر صدف علی صدف کو حاضرین سے خطاب کی دعوت دی۔ انہوں نے پانچویں سالانہ کرکٹ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی ٹیموں کے کپتانوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے یوتھ ونگ کویت کے مقاصد اور تقریب کے انعقاد پر روشنی ڈالتے ہوئے جذبہ حب الوطنی سے مل کر کام کرنے پر زوردیا۔ٹورنامنٹ کے قواعد و ضوابط لیاقت بٹ نے سنائے اور کپتانوں پرذمہ داری عائد کی کہ وہ کرکٹ کے تمام قوانین کی پابندی کریں۔ ٹورنامنٹ کا اہم حصہ ڈراز کا انعقاد تھا یوتھ ونگ اسپورٹس کمیٹی اور حاضرین کے ساتھ مل کر ڈراز نکالے گئے۔ جاگ کے کَو چیئرمین جاوید نے کھیل اور صحت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مہمان خصوصی حافظ حفیظ الرحمن صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت نے اپنے خطاب میں یوتھ ونگ کو پانچویں سالانہ کرکٹ ٹورمنٹ کے انعقاد پر مبارک باد دی اور نوجواں اور کھیل کے بارے میں موثر گفتگو کی۔ تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات اور پر تکلف ریفریشمنٹ سے ہوا اور کیک کاٹا گیا۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ جوائن کریں