Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

الخبر : ایلیٹ کلب کی رنگا رنگ تقریب، خواتین نے ڈرامہ پیش کیا، بچوں کیلئے گیمز

بانی جویریہ اسد کا صدارتی خطاب، شاعری کا مقابلہ جیتنے پر شازیہ نے انعام حاصل کیا، بچوں کیلئے مشرقی لباس پر انعامات ، کیک بھی کاٹا گیا
الاحساء(ثناء بشیر) ایلیٹ کلب سعودی عرب کی جانب سے رنگارنگ پروقار تقریب الخبر میں منعقد ہوئی جس میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر ایلیٹ کلب کی بانی جویریہ اسد نے اپنے خطاب میں تقریب میں شریک خواتین کو خوش آمدید کہتے ہوئے بتایا کہ آج کی یہ پُروقار تقریب ایلیٹ کلب کے 5 سال مکمل ہونے پر سجائی گئی ہے۔ ایلیٹ کلب خواتین پر مشتمل کلب ہے جس کا آغاز 2013 ء میں کیا گیا تھا۔ خواتین کی فلاح وبہبود کو یقینی بنانے کیلئے مختلف ورکشاپس اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔ پڑھی لکھی خواتین کو چاہئے کہ وہ اپنی تعلیم کو بروکار لاتے ہوئے آگے بڑھیں اور معاشرے کی اصلاح کریں تاہم ابھی بھی معاشرے میں خواتین کو ویسا تحفظ میسر نہیں جس سے عام خواتین اچھے انداز میں آگے بڑھ سکیں۔ پاکستان میں بھی عورت کے تحفظ کو  لیکر قوانین بنائے۔ حوصلہ افزا صورتحال سامنے آئی ہے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی خواتین ہمیشہ سے متحرک رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا خوب منوایا ہے اور ایلیٹ کلب جیسے فورم سے منسلک ہوکر خواتین کے لئے بے شمار کام کیا ہے۔ جویریہ اسد کا مزید کہنا تھا کہ ایلیٹ کلب نے عورتوں کے علاوہ بچوں کے لئے بھی کام کیا ہے اور گزشتہ 5سالوں کے دوران ایسے کئی پروگرام ترتیب دئیے ہیں جن میں بچوں کو غیر نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کا موقع ملا اور ان کے اندر چھپی تخلیقی صلاحیتوں کو ابھارا گیا۔ ایلیٹ کلب کی تقریب کو مغلیہ طرز پر سجایا گیا تھا جس میں بچوں اور خواتین نے خوب دلچسپی لی۔ اس موقع پر جویریہ اسد کا تحریر کردہ ڈرامہ " مغل اعظم ان نیا پاکستان " پیش کیا گیاجس میں کہکشاں شرجیل، سمیرا حامد،فروا طاہر،حنا عمران نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تقریب میں شریک خواتین کی بڑی تعداد نے ڈرامے کو نا صرف پسند کیا بلکہ خواتین اداکاراؤں کو خوب داد بھی دی۔ سوشل میڈیا کے ذریعے شاعری کا مقابلہ جیتنے والی خاتون شازیہ کو انعام سے نوازا گیا اور انہوں نے اپنا شاعری پر مشتمل کلام بھی سنایا۔ اس کے علاوہ ابھرتی ہوئی شاعرہ عالیہ فراز نے اپنا خوبصورت کلام پیش کرکے شرکاء سے خوب داد  وصول کی جبکہ بچوں کے لئے بھی تقریب میں مختلف گیمز کے علاوہ مشرقی لباس کا مقابلہ رکھا گیا تھا جس میں بچے مشرقی لباس پہن کر شریک ہوئے جس پر بچوں کو بھی انعامات سے نوازا گیا۔ایلیٹ کلب کے میگزین ایلیٹین ٹائم کی ایڈیٹرز لینہ خان اور سحرش یاسر نے کاروان ادب. سوشل میڈیا پیج کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر سحرش یاسر اور لینہ خان کا کہنا تھا کہ کاروان ادب سوشل میڈیا کے ذریعے فروغ پائے گا ۔ہم نے دورحاضر کی ٹیکنالوجی کو بروکار لاتے ہوئے اس کا آغاز کیا ہے تاکہ دنیا بھر کے ایسے وہ تمام افراد جو ادب نواز اور ادب شناس ہیں وہ اپنی تحریروں اور شاعری کو اس گروپ کے ذریعے دنیا بھر میں پھیلایں اس سے ادب سے تعلق رکھنے والے افراد کا حلقہ احباب بھی وسیع ہوگا اور ادبی سرگرمیوں کو بھی بہتر انداز میں فروغ ملے گا ۔تقریب میں بچوں کے لئے ایک الگ رنگین اور دلکش سجاوٹ بھی کی گی تھی۔ جسے عاصمہ عاقل نے تیار کیا تھا جبکہ بچوں میں سعدیہ فریدی اور حنا عمران نے گفٹ تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ خواتین میں صبا ادریس، سعدیہ تجمل، سمیرہ حامد  اور شازیہ علی نے خواتین میں انعامات تقسیم کیے جبکہ آخر میں عائشہ ہاشمی کی جانب سے تیارکردہ کیک کاٹاگیا جس پر خواتین کی جانب سے عائشہ ہاشمی کا شکریہ ادا کیا گیا جبکہ انتظامات کے فرائض حنا امتیاز نے دلجمعی اور خوبصورت انداز میںانجام دئیے۔
 

شیئر: