Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اسلامی دنیا کا مرکز ہے، اپنی حفاظت پر قادر ہے، اشرفی

ریاض..... پاکستان علماءکونسل کے سربراہ علامہ محمد طاہر اشرفی نے واضح کیا ہے کہ سعودی عرب اسلامی دنیا کا مرکز ہے اور اپنی حفاظت پر قادر ہے۔ انہوں نے امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ کو دیئے گئے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے انٹرویو اور اس کے مندرجات پر اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ولی عہد محمد بن سلمان نے چشم کشا حقائق پیش کر کے ہمارے دلوں میں ٹھنڈک ڈال دی۔ سعودی عرب عظیم الشان ریاست ہے۔ دشمنوں سے اپنے مفادات کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مملکت کے پاس طاقتور فوج ، بہادر فوجی، تربیت یافتہ اور اسلحہ سے لیس منفرد سیکیورٹی ادارے ہیں۔ یہ مملکت کے جانے پہچانے دشمنوں کے جارحانہ حملوں سے اپنی سرزمین کی حفاظت پیشہ ورانہ انداز میں کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ علامہ اشرفی نے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے بلومبرگ کے پینل انٹرویو میں کئے گئے سوالات کے جو جواب دیئے وہ اسلامی دنیا کے روشن مستقبل اور حقائق آشنا قیادت کی دور اندیشی کے آئینہ دار ہیں۔ شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی ویژن دوٹوک الفاظ میں پوری دنیا کے سامنے رکھ دیا۔ قیاس آرائیوں کا قلع قمع کرنے کیلئے تمام نکات ایک ایک کر کے بیان کر دیئے۔ جوابات سے شہزادہ محمد بن سلمان کی سیاسی لیاقت، قائدانہ صلاحیت ، انتظامی استعداد اور مکالمے کی فنکاری اجاگر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان عربوں اور مسلمانوں کے صاحب فراست رہنما ہیں۔ ہم سب ہر حال میں ان کی طرف دیکھتے ہیں۔ سعودی عرب اسلامی دنیا کا دھڑکتا ہوا دل ہے۔ یہی مسلمانوں کو جمع کرنے والا اصل مرکز ہے۔ اشرفی نے اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ ٹرمپ نجانے کیوں یہ حقیقت بھول گئے اور ناجانے کیوں انہوں نے یہ سچائی نظرانداز کی کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے امریکی صدر کی حیثیت میں انہیں اپنے ہاں مدعو کیا تھا۔ انہیں ریاض میں اسلامی سربراہ کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے دہشت گردی وانتہا پسندی کے انسداد کیلئے عالمی اتحاد میں شریک کرنے کی خاطر عرب اور مسلم ممالک کے منتخب قائدین کو جمع کیا تھا۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ اللہ تعالیٰ نے آل سعود کو بڑا اعزاز بخشا ہے۔ سعودی عوام آل سعود سے پیار کرتے ہیں۔ علامہ اشرفی نے کہا کہ حرمین شریفین و مشاعر مقدسہ کی خدمت، قرآن و سنت کی ترویج و اشاعت ، حجاج ، معتمرین اور زائرین کی خاطر مدارات بڑا اعزاز ہے۔ اللہ تعالیٰ نے یہ اعزاز آل سعود کو بخشا ہوا ہے۔
 

شیئر: