سانحہ ماڈل ٹاﺅن کیس میں بڑی پیشرفت
لاہور: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا سمیت 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ ذرائع کے مطابق سانحہ ماڈل ٹاﺅن استغاثہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی کی لاہور میں خصوصی عدالت میں ہوئی جہاں جج اعجاز حسن اعوان نے کیس کی سماعت کی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق کیس میں ملزم سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا خصوصی عدالت میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے مشتاق سکھیرا سمیت 115 ملزمان پر فرد جرم عائد کی۔ اس موقع پر مشتاق سکھیرا نے صحت جرم سے انکار کیا اور ان کے وکلا نے 5 لاکھ کا ضمانتی مچلکہ عدالت میں داخل کرایا۔ علاوہ ازیں مشتاق سکھیرا کے وکلا نے سابق آئی جی کی آیندہ سماعتوں پر حاضری معافی کی درخواست بھی دائر کردی۔ عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرتے ہوئے گواہان کو مزید شہادتوں کےلئے طلب کرلیا۔ سابق آئی جی پنجاب مشتاق سکھیرا کی پیشی کے وقت سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی تھی۔