Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرمین ٹرین کے 99فیصد ٹکٹ فروخت، 11اکتوبر کو آغاز ہوگا

 جدہ..... جدہ حرمین ٹرین اسٹیشن کے ذرائع نے واضح کیا ہے کہ حرمین ٹرین کا باقاعدہ آغاز جمعرات 11اکتوبر کو ہو گا۔ اس کے 99فیصد ٹکٹ فروخت ہو چکے ہیں۔ پروگرام کے مطابق ٹرین کا آغاز 4اکتوبر کو ہونے والا تھا باوجوہ ملتوی کر دیا گیا تھا۔ یہ رابغ میں کنگ عبداللہ اکنامک سٹی ، جدہ کے السلیمانیہ اسٹیشن سے ہوتے ہوئے مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ آنے جانے والے مسافروں کو سفر کی سہولت فراہم کرے گی۔ اکانومی کلاس کے ٹکٹ کی قیمت مکہ سے مدینہ کیلئے 75ریال ، مکہ سے جدہ کیلئے 20ریال اور جدہ سے مدینہ منورہ کیلئے 63ریال مقرر کی گئی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سعودی شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کی جانب سے حرمین ٹرین سے سفر کی بابت جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ بہت کم وقت میں 99فیصد ٹکٹ خرید لئے گئے۔ جمعرات ، جمعہ ، ہفتہ اور اتوار کو ہفتے میں 4دن ٹرین مکہ مدینہ کا سفر کرے گی۔ گزشتہ ہفتے ریزرویشن کا سلسلہ شروع کر دیا گیا تھا۔ بڑوں ، بچوں اور شیرخواروں کے لئے نشستیں بک کرائی گئیں۔ 2برس تک کے بچوں کے ٹکٹ بغیر نشست کے جاری کئے جار ہے ہیں۔ یہ اپنے اعزہ کے ہمراہ ان کی گود میں سفر کریں گے۔ بچے صرف اپنے کسی بالغ عزیز یا فیملی دوست کی رفاقت ہی میں سفر کرسکیں گے۔ آن لائن ریزرویشن سب سے زیادہ مدینہ منورہ میں کرایا گیا۔ متعدد لوگوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرینوں کی تعداد بڑھائی جائے اور اسے 4دن تک محدود نہ رکھا جائے۔ شروع میں بتایا گیا تھا کہ 2ماہ تک ہفتے میں صرف 4دن حرمین ٹرین چلائی جائے گی۔ ایک اطلاع یہ بھی ہے کہ اکتوبر کے آخر تک نشستیں بک ہیں۔ اس دوران سفر کے خواہشمند افراد کو انتظار ہی کرنا پڑے گا۔ ٹرین میں مسافروں کو کھانا حاصل کرنے کیلئے ریستوران کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے۔ ہر ڈبے میں 417نشستیں رکھی گئی ہیں۔ ہر ٹرین میں 13بوگیاں ہیں۔ 4اکانومی اور 8بزنس کلاس والی ہوں گی۔ چند نشستیں معذوروں کیلئے مختص کی گئی ہیں۔

شیئر: