پاکستان امن کے سفر پر گامزن ہے‘ آرمی چیف
راول پنڈی: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان تیزی کے ساتھ دیرپا قیام امن کی جانب گامزن ہے اور اپنے دستوں کے ساتھ بہترین تعاون کو جاری رکھنے کا خواہش مند ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے برطانوی چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل نکولسن سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے برطانوی سیکرٹری دفاع گیون ولیم سن سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر دیگر حکام بھی موجود تھے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق برطانوی حکام سے وفد کی سطح پر امن وامان سے متعلق دوطرفہ تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔ علاوہ ازیں برطانوی لیڈرشپ نے پاکستان میں قیام امن، سلامتی کی صورتحال اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کے کردار کی بھی تعریف کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان تیزی سے دیرپا امن کے قیام کی جانب گامزن ہے اور پاکستان باہمی سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو بلند ترین سطح پر لے جانے کا خواہاں ہے ۔