چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کی خوشخبری؟
اسلام آباد...وزیر اعظم کے مشیر عبدالرزاق داود نے کہاہے کہ ملکی برآمدات میں کمی کی صورتحال تشویشناک ہے تاہم جلد اس پر قابو پالیا جائے گا ۔چین کے ساتھ آزاد تجارتی معاہدے کے بارے میں جلد خوشخبری ملے گی ۔ اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی کابینہ نے انڈسٹریل ڈیو لپمنٹ بورڈ کی تشکیل نو کی منظوری دیدی ۔ اس وقت پاکستان کا صنعتی شعبہ شدید مسائل کا شکار ہے ۔ ملکی برآمدات میں اضافہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ انہوںنے کہاکہ ملکی سطح پر تیار ہونے والے موٹر سائیکل ،ریفریجریٹرزاور سرجیکل آلات دنیا کے کئی ممالک میں فروخت کئے جاسکتے ہیں ۔ انجینئرنگ شعبے کو خصوصی توجہ اور مراعات دینے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت ملک میں 90فیصد موٹر سائیکل اور ریفریجریٹرز ملکی سطح پر تیار ہورہے ہیں ۔ سرجیکل آلات بھی بین الاقوامی معیار کے ہیں ۔ دنیا کے کئی ممالک میں اس کی مانگ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آذربائیجان کی حکومت کے ساتھ برآمدات کے حوالے سے بات چیت کامیاب رہی ہے ۔ آذربائیجان میں پاکستانی ٹیکسٹائل،زراعت اور چاول کی مانگ ہے ۔اسی طرح افریقی ممالک کے ساتھ بھی برآمدات کے حوالے سے مثبت پیش رفت ہوئی ہے ۔