باڈی گارڈ نے جج کی بیوی اور بیٹے کو گولی مار کر موت کے گھاٹ اتار دیا
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
گروگرام۔۔۔۔ایڈیشنل سیشن جج کرشن کانت شرما ایک دوسرے جج کے ساتھ گروگرام ضلعی عدالت کی میٹنگ میں مشغول تھے کہ ان کے موبائل پر گھنٹی بجی۔ یہ کال ان کے نجی سیکیورٹی افسر کی جانب سے آئی تھی۔ باڈی گارڈنے فون پر بتایا کہ’’ میں نے تمہاری بیوی اور بیٹے کو گولی ماردی ہے ، جاؤ اور انہیں دیکھو‘‘۔کال سے ایک گھنٹے قبل ہیڈ کانسٹیبل مہیپال آر کیڈ مارکیٹ میں جج کی اہلیہ ریتو اور 17سالہ بیٹے دھرو کو فائرنگ کرکے موت کے گھاٹ اتار چکا تھا۔ساؤتھ سٹی 2میں دل دہلادینے والی واردات کے بعد لوگوں میں خوف و ہراس پیدا ہوگیا۔ایک راہگیر کے ذریعے بنائی گئی وڈیو میں مہیپال جج کے لہو لہان بیٹے کو کار کی عقبی نشست پر بٹھانے کی کوشش کررہا ہے تاہم ناکام ہونے پر وہ کار سے فرار ہوگیا۔ مہیپال کے جانے کے بعد موقع پر موجود لوگوں نے زخمی ماں بیٹے کوفوراً پارک اسپتال میں داخل کرایاجہاں زخموں کی تاب نہ لاکر ماں اوربیٹے چل بسے ۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کانسٹیبل مہیپال کو گرو گرام ،فریدآباد روڈ پر گوال پہاڑی علاقے میں گرفتار کرلیا۔اس کے قبضے سے واردات میں استعمال کیا جانے والا ریوالور ضبط کرلیا۔میڈیا ذرائع کے مطابق 40 سالہ مہیپال یادو ڈیڑھ سال سے جج کرشن کانت کی حفاظت پر مامورتھا۔ تقریباً 8 ماہ قبل اس نے ہندو مذہب کو ترک کر کے عیسائی مذہب قبول کر لیا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ مذہبی باتوں پر جج کی بیوی کے ساتھ اس کی بحث ہوا کرتی تھی۔ پولیس حراست میں مہیپال نے بتایا کہ تبدیلی مذہب کی بنیاد پر جج کی بیوی اسے پریشان کیا کرتی تھی جس سے طیش میں آکر انتہائی قدم اٹھایا۔ پولیس کمشنر کے کے راؤ نے بتایا کہ ملزم مہیپال سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ اس کیخلاف کیس درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی۔
ہندوستان کی تازہ ترین خبروں کے لئے ’’اردونیوز انڈیا‘‘ گروپ جوائن کریں