برسراقتدار آکر کانگریس ایچ اے ایل کی بھرپور مدد کرے گی،راہول
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
بنگلور۔۔۔۔کانگریس صدر راہول گاندھی نے ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے ملازمین سے کہا کہ ہم یہاں ممکنہ حد تک آپ کی مدد کرنے آئے ہیں لیکن ہم اس وقت اپوزیشن میں ہیں البتہ ایک مرتبہ اقتدار میں آنے اور حکومت قائم کرنے کے بعد ہم اور زیادہ سرگرمی سے آپ کی مدد کریں گے۔ میں یہاں ملک کے باوقار سرکاری زمرے کے دفاعی ادارے کی بابت مزید جاننے اور اسے اور تقویت پہنچانے کی صورتوں پر غور کرنے آیا ہوں۔ راہول گاندھی نے ایچ اے ایل ویلفیئر فورم کے زیراہتمام رابطے کی تقریب میں کہا کہ ملک کوآزادی ملنے کے بعد اس کی خوشحالی میں معاون کردار ادا کرنے کیلئے اہم اکائیاں قائم کی گئیں، تعلیمی رخ پر آئی آئی ٹی اور جنگی طیاروں کو بنانے کیلئے ایچ اے ایل کا قیام عمل میں لایا گیا۔ ایچ اے ایل نے اپنے قیام کے بعد سے زبردست کامیابیاں حاصل کیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایچ اے ایل کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ سابق امریکی صدر باراک اوباما نے بھی ایک مرتبہ اس کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکہ کا سب سے بڑا حریف چین نہیں ہندوستان ہے اور اس کی وجہ فوجی اور اقتصادی شعبوں میں اس کی کامیابیاں ہیں۔راہول نے کہا کہ آج یہاں آپ کے مسائل اوراس باوقار ادارے کی کارکردگی کے تعلق سے آپ کے خیالات جاننے کے لئے آیا ہوں۔اس موقع پر ایچ اے ایل کے متعدسابق ملازمین ، لوک سبھا کے کانگریسی رہنما ایم ملک ارجن کھڑگے، کرناٹک کانگریس آئی کے صدر دنیش گنڈو راؤ اور کئی دیگر رہنما بھی موجود تھے۔