سعودی عرب کے خلاف تشہیری مہم
اتوار 14 اکتوبر 2018 3:00
14اکتوبر 2018ء اتوار کو سعودی عرب سے شائع ہونیوالے اخبارالبلاد کا اداریہ نذر قارئین
سعودی عرب کے خلاف زبردست ابلاغی مہم چلائی جا رہی ہے ۔بعض ذرائع ابلاغ جن میں الجزیرہ چینل سرِ فہرست ہے ،مملکت کے حوالے سے بے بنیاد جھوٹے دعوے پیش کئے چلے جا رہے ہیں ۔سعودی شہری جمال خاشقجی کی گمشدگی کی بابت سعودی عہدیدار کئی بار تردیدی بیان جاری کرکے واضح کر چکے ہیں کہ بین الاقوامی دستاویزات ، روایات اور قوانین و ضوابط کی پاسداری ان کا شیوہ ہے اور اس حوالے سے وہ قوانین و ضوابط کی پابندی کو اپنی پہچان بنائے ہوئے ہیں ۔
سعودی عرب کو بدنام کرنے کی کوئی بھی کوشش مقامی اور بین الاقوامی سطحوں پر سعودی عرب کے کاررواں پر اثر انداز نہیں ہو گی ۔ سعودی عرب اندرون ملک اور بیرونی دنیا میں صلاح و فلاح کے کام ماضی کی طرح مستقبل میں بھی جاری و ساری رکھے گا ۔ سعودی عرب کے وفادار عوام اپنے قائدین کے ساتھ جی جان سے کھڑے ہوئے ہیں ۔ سعودی قیادت اپنے شہریوں کی سلامتی کا انتہا درجے خیال رکھتی ہے ۔ سعودی عرب ہر مخلص مسلمان کے دل میں اپنا پاکیزہ مقام بنائے ہوئے ہے۔ سعودی عرب کے ہاتھ دہشتگردانہ سرگرمیوں سے کبھی آلودہ نہیں ہوئے ۔ سعودی عرب کو اسلام ، اس کے پیروکاروں اور امت مسلمہ کے مبنی بر انصاف مسائل کی نصرت کے حوالے سے اپنے عظیم مشن کا احساس و ادراک ہے ۔
مملکت کے خلاف گھنائونی مہم چلانے والے فریق وہ ہیں جو مختلف ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت ، فتنے برپا کرنے اور افواہوں کے بازار گرم کرنے کی ایک تاریخ رکھتے ہیں ۔ ماضی میں بھی مملکت کے خلاف تشہیری مہم پر انہیں منہ کی کھانی پڑی ۔ اس مرتبہ بھی صورتحال مختلف نہیں ہو گی ۔ سعودی عرب نے اپنی ہوش مند قیادت کی بدولت ماضی میں بھی ان کی گھنائونی اسکیموں اور دہشتگردی کی وارداتوں کو ناکام بنایا ۔ ہر طرح کی انتہا پسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کامیاب بین الاقوامی مہم چلائی ۔
سعودی ان شاء اللہ عرب دشمنوں اور فتنہ پروروں کے مقابلے میں ثابت قدم رہے گا اور اپنے امن و استحکام کے تحفظ نیز ترقی کے مبارک کاررواں کو آگے بڑھانے میں ادنیٰ فروگزاشت سے کام نہیں لے گا ۔
٭٭٭٭٭