9عرب ممالک کا مملکت سے اظہار یکجہتی
ریاض۔۔۔۔بین الاقوامی دباؤاور جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے لگائے جانے والے جھوٹے الزامات کیخلاف سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کرنیوالے عرب ممالک کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگیا۔ 9عرب ممالک متحدہ عرب امارات، بحرین ، یمن ، فلسطین، اردن، سلطنت عمان، جیبوتی اور مصر سعودی عرب سے یکجہتی کا اظہار کرچکے ہیں۔ لبنانی وزیر اعظم سعد الحریری نے مملکت کیخلاف پروپیگنڈہ مہم میں سعودی عرب سے یکجہتی پر زور دیا ہے۔ مصری دفتر خارجہ کے ترجمان احمد حافظ نے کہا کہ ان کا ملک جمال خاشقجی کی گمشدگی سے پیدا ہونیوالے سنگین نتائج کو تشویش کی نظر سے دیکھ رہا ہے۔ مصر چاہتا ہے کہ جو واقعہ ہوا اُس کی حقیقت صاف شفاف شکل میں منظر عام پر آئے۔ تحقیقات کے نتائج سے قبل الزام تراشی نہ کی جائے۔