Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ایشین ہاکی چیمپیئن شپ:فائنل کھیلنا ہدف ہوگا، رضوان سینیئر

ایمسٹر ڈیم:پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان رضوان سینیئر کا کہنا ہے کہ عمان میں ہونیوالی ایشین چیمپئینز ٹرافی کا فائنل کھیلنا پہلا ہدف ہوگا اور اس حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوریا اور ہندکے خلاف میچ سمیت ایشیائی ایونٹ کا ہر میچ فائنل سمجھ کر کھیلیں گے۔ہالینڈ میں لیگ کھیلنے والے کپتان کا کہنا تھا کہ میں آج جو بھی ہوں، قومی کھیل کی بدولت ہوں، اس تاثر میں کوئی صداقت نہیں کہ پاکستانی ٹیم پر غیر ملکی لیگز کو ترجیح دیتا ہوں،کئی بار لیگز ادھوری چھوڑ کر قومی کیمپوں کا حصہ بنا،اب بھی یورپی لیگ کے 2میچز چھوڑ کر عمان جا رہا ہوں۔ ظاہر ہے کہ جب آپ کنٹریکٹ بیچ میں چھوڑ کر جاتے ہیں تو نہ صرف آپ کے معاہدے خطرے میں پڑ جاتے ہیں بلکہ اچھا خاصا مالی نقصان بھی ہوتا ہے۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایک بار پھر کپتان کے عہدے پر تعینات رضوان سینیئر نے کہا موجودہ ماڈرن ہاکی میں کسی بھی ٹیم کو آسان نہیں لیا جا سکتا۔ایک وقت تھا کہ بیلجیم ٹیم کا کوئی نام ونشان نہیں تھا، آج یہ ٹیم انٹرنیشنل ہاکی میں بہترین نتائج دے رہی ہے، اس طرح کی کارکردگی جاپان، ملائیشیا اور دوسری ٹیمیں بھی دکھا رہی ہیں۔ ایک اور سوال پر رضوان سینئر کا کہنا تھا کہ ایشین گیمز میں جاپان کے ہاتھوں شکست کو ابھی تک بھول نہیں سکا۔ نئے کھلاڑی انٹرنیشنل میچز کا دباو نہیں لے پاتے جس کی وجہ سے اہم میچوں میں ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سینئرز کے ساتھ جونیئر کو شامل کر کے عوامی توقعات کے مطابق نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
کھیلوں کی مزید خبریں پڑھنے کیلئے اردونیوز " واٹس ایپ اسپورٹس" گروپ  جوائن کریں

شیئر: