Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام جذبہ تعمیر وطن پروگرام

 ڈیمز کی تعمیر  ناگزیر ہے اور  ان منصوبوں میں عطیہ کرنا صدقہ جاریہ ہے ، بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، تقریب سے شرکاء کا اظہار خیال
 محمد عرفان شفیق۔ کویت
     دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کے حوالے سے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے زیر اہتمام سفارتخانہ پاکستان کی زیر سرپرستی " جذبہ تعمیر وطن پروگرام " قائداعظم آڈیٹوریم سفارتخانہ میں منعقد ہوا ۔  پروگرام کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر عمر جاوید تھے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت قاری عبد الغفور نے حاصل کی، حمد باری تعالیٰ روبیلہ غزل اور نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سرور حسین نقشبندی نے پیش کی۔ وطن کیلئے منظوم کلام فائزہ صدیقی جبکہ خوبصورت انداز میں ملی نغمہ نبیل نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض معروف کمپیئر سہیل یوسف نے  انجام دئیے۔  بعدازاں کویت اور پاکستان کے قومی ترانے پیش کیے گئے ۔پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے جنرل سیکریٹری محمد عرفان شفیق نے سپاسنامہ اور پروگرام کی غرض و غایت بیان کی۔ تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور چیف جسٹس ثاقب نثار کا ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے ویڈیو پیغام سنایا گیا۔ پانی بچائو کا شعور اجاگر کرنے کے لیے ویڈیوز پیش کی گئیں جبکہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول خیطان کے طلبہ نے خوب صورت ایکٹ پیش کیا۔پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے نائب صدر انور علی نے  فورم کا تعارف اور کارکردگی پیش کرتے ہوئے کہا فورم ہم وطنوں کو حصول روزگار  کیلئے  رہنمائی اور معاونت فراہم کر رہا ہے ۔ جذبۂ  تعمیر وطن پروگرام کے مہمان خصوصی ڈاکٹر عمر جاوید نے   کہا    پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم کو دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے انتہائی کامیاب اور موثر پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم پہلی تنظیم ہے جس نے اس حوالے سے سفارتخانہ پاکستان میں پروگرام منعقدکیا۔تعمیر وطن کے حوالے سے آپ سب کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کے بانی وصدر محمد عرفان عادل نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ جذبہ تعمیر وطن پروگرام کے انعقاد میں خصوصی تعاون پر ہم سفارتخانہ پاکستان کے شکر گزار ہیں اور دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے پاکستان ایمپلائمنٹ فورم کویت کی ٹیم اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے تمام شرکاء سے کہا کہ ڈیمز کی تعمیر وطن کے  مستقبل کے ناگزیر ہے اور  ان پروجیکٹس میں عطیہ کرنا صدقہ جاریہ ہے اوراس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔  تمام حاضرین نے اس اپیل پر دل کھول کر عطیات دیئے اور اس طرح ایک خطیر رقم جمع ہوگئی۔ پروگرام میں اُس وقت ایک روح پرور اور دل کو موہ لینے والی کیفیت پیدا ہوئی جب ایک ننھی سی بچی نے اپنا پورا منی باکس ڈیم کے لیے عطیہ کر دیا جسے تمام شرکاء نے خوب سراہا۔ آخر میں  کویت اور پاکستان کی سلامتی کے لیے خصوصی  دعا کرائی گئی  اور مہمانوں کی تواضع عشائیے سے کی گئی۔
مزید پڑھیں:- - - -مسلم لیگ ن مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی،العین میں کارکنان

شیئر: