رشوت یا چالان: خودسوزی کرنے والا رکشا ڈرائیور دم توڑ گیا
کراچی: سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج رکشا ڈارئیور دم توڑ گیا۔ ذرائع کے مطابق شارع فیصل پر ٹریفک پولیس اہل کار کی جانب سے رشوت کے مطالبے پر خودسوزی کرنے والے رکشا ڈرائیور نے جان کی بازی ہار دی۔ قبل ازیں کراچی پولیس آفس کے سامنے قائم ٹریفک چوکی پر اے ایس آئی حنیف نے رکشا ڈرائیور خالد سے مبینہ طور پر رشوت مانگی تھی، جس پر ڈرائیور نے رشوت دینے سے انکار کردیا۔ ٹریفک پولیس اہل کار نے رشوت نہ ملنے پر ڈرائیور خالد کا چالان کاٹ دیا جس پر اس نے خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا لی تھی۔
طبی ذرائع کے مطابق رکشا ڈرائیور خالد 55 فیصد تک جھلس چکا تھا اور سول اسپتال کے برنس وارڈ میں زیر علاج تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ گزشتہ روز ایڈیشنل آئی جی کراچی ڈاکٹر امیر شیخ نے اسپتال میں خالد کی عیادت بھی کی تھی۔ واضح رہے کہ رکشا ڈرائیور خالد نے الزام لگایا تھا کہ ٹریفک پولیس اہل کار نے 50 روپے بطور رشوت نہ دینے پر اس کا 170 روپے کا چالان کاٹ دیا تھا۔