زرداری اور مشرف پر کڑی تنقید
لاہور: پنجاب کے وزیر اطلاعات نے سابق صدر آصف زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ نو سو چوہے کھا کر بلی حج کو چلی جبکہ پرویز شرف نے ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور میں میڈیا نمایندوں سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ زرداری دور میں میٹرک پاس لوگوں کو گریڈ 21پر نوکریاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے 5سالہ دور اقتدار میں بے نظیر بھٹو کے قاتلوں کا سراغ نہ لگا سکی وہ اب پی ٹی ائی کے خلاف قرارداد کی بات کررہے ہیں۔
فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ حمزہ شہباز اسمبلی آئیں، اسپیکر کے سامنے چیزیں رکھیں کہ زیادتی کس کے ساتھ ہوئی، وہ اپنی پارلیمانی اور جمہوری ذمے داریوں کو پورا کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اسمبلی کارروائی کے معاملات بزنس ایڈوائزی کمیٹی میں طے ہوتے ہیں، ان ایشوز پر کمیٹی بنی ہوئی ہے ، نئی کمیٹی بنانے کی ضرورت ہی نہیں ہے ۔